
جموں, 06 مارچ (ہ س)جموں شہر کے شہیدی چوک علاقے میں جمعرات کی رات مشتبہ کیمیائی مادہ گرنے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کے بعد کئی افراد نے آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی۔اطلاعات کے مطابق رات تقریباً دس بجے ڈی پی ایس روڈ کے قریب ایک گلی میں کسی نامعلوم شخص کی جانب سے کیمیائی مادہ جیسی چیز پھینکی گئی جس کے اثر سے آس پاس موجود لوگوں کو آنکھوں میں شدید جلن اور گھٹن محسوس ہونے لگی۔ اس دوران کچھ لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے جس سے علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کنٹرول روم کو آگاہ کیا گیا جس کے بعد ایس ڈی آر ایف کی ٹیم اور پیر مٹھا تھانے کے افسر موقع پر پہنچ گئے۔ ابتدائی جانچ کے دوران موقع سے چار سے پانچ خالی ڈبے اور کیمیائی مادہ جیسی چیز برآمد ہوئی جس سے تیز جلن پیدا ہو رہی تھی۔
ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خالی ڈبوں کو اپنی تحویل میں لے لیا جبکہ جموں میونسپل کارپوریشن کے عملے نے علاقے کو پانی سے دھو کر کیمیائی مادہ کے اثر کو ختم کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق فی الحال صورتحال قابو میں ہے تاہم احتیاط کے طور پر علاقے میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ مشتبہ مادہ کی نوعیت اور اسے پھینکنے والے شخص کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق جس عمارت کے قریب یہ کیمیائی مادہ پایا گیا وہ اوقاف ٹرسٹ کی ملکیت تھی اور اسے حال ہی میں کرایہ دار سے خالی کروایا گیا تھا۔ عمارت خالی کروانے کے دوران وہاں موجود کیمیائی ڈبوں میں سے کچھ مادہ گلی میں گر گیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر