
نئی دہلی، 6 مارچ (ہ س)۔ جمعہ کی صبح دارالحکومت کے مصروف ترین راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پر ایک خاتون نے میٹرو ٹرین کے سامنے چھلانگ لگا دی۔ خوش قسمتی سے لوکو پائلٹ نے فوری طور پر ایمرجنسی بریک لگائی جس سے خاتون کی جان بچ گئی تاہم پلیٹ فارم پر گرنے سے وہ زخمی ہوگئی۔ خاتون کی چھلانگ سے افراتفری مچ گئی۔ شور سن کر جائے وقوعہ پر پہنچنے والے سی آر پی ایف اہلکاروں نے اسے پٹریوں سے اٹھایا اور پولیس کی مدد سے اسے لیڈی ہارڈن اسپتال میں داخل کرایا۔ خاتون اسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے میٹرو اسٹیشن کے سامنے خودکشی کی نیت سے چھلانگ لگائی۔ فی الحال وہ بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ اس کی حالت بہتر ہونے کے بعد اس کی خودکشی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی۔ اس دوران بلیو لائن پر میٹرو خدمات کچھ دیر کے لیے متاثر ہوئیں۔ تاہم آدھے گھنٹے کے وقفے کے بعد تمام میٹرو خدمات معمول پر آ گئیں۔
میٹرو آپریشنز کی نگرانی کرنے والے ڈپٹی کمشنر آف پولیس بھرت ریڈی کے مطابق جمعہ کی صبح تقریباً 10 بجے ایک خاتون نے راجیو چوک میٹرو اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر چھلانگ لگا دی تھی۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ٹرین کے قریب آتے ہی خاتون نے اچانک پٹری پر چھلانگ لگا دی۔ لوکو پائلٹ نے فوری طور پر ایمرجنسی بریک لگائی اور اسے میٹرو سے ٹکرانے سے روک دیا۔ تاہم پٹری پر گرنے سے خاتون کو شدید چوٹیں آئیں۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ خاتون جنک پوری ایسٹ میٹرو اسٹیشن پر ٹرین میں سوار ہوئی، پھر راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پر اتری، اور تھوڑی دیر بعد ٹرین کے آگے کود گئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں وہ انتہائی پریشان دکھائی دے رہی تھی۔ پولیس فی الحال خودکشی کے پیچھے محرکات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک بار جب خاتون کی حالت بہتر ہو جائے گی تو اسے کونسلنگ کی جائے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی