کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز 26 مارچ سے 6 اپریل تک چھتیس گڑھ کے تین شہروں میں منعقد ہوں گے۔
نئی دہلی، 6 مارچ (ہ س)۔ ملک میں پہلی بار کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز 26 مارچ سے 6 اپریل تک منعقد ہوں گے۔ یہ تاریخی مقابلہ چھتیس گڑھ کے تین شہروں رائے پور، جگدل پور اور سرگوجا میں منعقد ہوگا۔ نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاوی
کھیل


نئی دہلی، 6 مارچ (ہ س)۔ ملک میں پہلی بار کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز 26 مارچ سے 6 اپریل تک منعقد ہوں گے۔ یہ تاریخی مقابلہ چھتیس گڑھ کے تین شہروں رائے پور، جگدل پور اور سرگوجا میں منعقد ہوگا۔

نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ مقابلے میں سات تمغے کے کھیل شامل کیے گئے ہیں، جن میں ایتھلیٹکس، فٹ بال، ہاکی، ویٹ لفٹنگ، تیر اندازی، تیراکی، اور کشتی شامل ہیں۔ ملکھمب اور کبڈی کو بھی نمائشی کھیلوں کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ زیادہ تر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے کھلاڑی ایونٹ میں حصہ لیں گے۔

ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا کہ کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز ہر نوجوان کو کھیلوں کو آگے بڑھانے کے لیے ایک موقع اور ایک وسیع پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہیں۔ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کا بھی حصہ ہے، جس میں کھیل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا کہ یہ کھیل قبائلی علاقوں سے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے میں مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں سے ٹیلنٹ کو سامنے لانا بہت ضروری ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ قبائلی برادریوں کے باصلاحیت ایتھلیٹس کو ابتدائی مرحلے میں ہی شناخت کیا جائے، انہیں منظم تعاون حاصل ہو، اور انہیں قومی کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں شامل کیا جائے۔

کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز 2026 کا انعقاد نوجوانوں کے امور اور کھیل کی وزارت، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا، انڈین اولمپک ایسوسی ایشن، مختلف قومی کھیلوں کی فیڈریشنوں اور چھتیس گڑھ ریاستی آرگنائزنگ کمیٹی کے اشتراک سے کیا جائے گا۔ مقابلے کے تکنیکی معیار بین الاقوامی مقابلوں کے برابر ہوں گے۔

ان کھیلوں کا آفیشل میسکاٹ مورویر ہے، جو چھتیس گڑھ کی ثقافتی شناخت سے وابستہ ہے۔ 'مور' کا مطلب چھتیس گڑھی میں 'میرا' یا 'ہمارا' ہے، جب کہ 'ویر' ہمت اور بہادری کی علامت ہے۔ قبل ازیں، کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز کے لوگو، تھیم سانگ اورمیسکاٹ کی نقاب کشائی 23 دسمبر کو لیٹ بی آر یادو اسپورٹس اسٹیڈیم بلاسپور میں کی گئی تھی۔ اس تقریب میں وشنو دیو سائی اور نائب وزیر اعلیٰ ارون ساو¿ بھی موجود تھے۔

چھتیس گڑھ اس تاریخی قومی تقریب کی میزبانی کرنے والی پہلی ریاست بننا ہندوستانی کھیلوں کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جارہا ہے، جس کا مقصد قبائلی کھلاڑیوں کو بااختیار بنانا اور نچلی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینا ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande