گائیل مونفلس نے بی این پی پریباس اوپن سے جذباتی وداعی لی
۔ دوسرے دور میں ہار کے ساتھ ٹورنامنٹ سے باہر
فرانس کے تجربہ کار کھلاڑی گائیل مونفلس


انڈین ویلز، 07 مارچ (ہ س)۔ کیلیفورنیا میں کھیلے جا رہے باوقار ٹینس ٹورنامنٹ بی این پی پریباس اوپن میں فرانس کے تجربہ کار کھلاڑی گائیل مونفلس نے جذباتی وداعی لی۔ دوسرے دور کے مقابلے میں انہیں کینیڈا کے فیلکس آجر-الیاسم کے خلاف 7-6 (5)، 3-6، 4-6 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

اس ہار کے ساتھ ہی مونفلس کا اس باوقار ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہو گیا۔ میچ کے بعد اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے انہیں کھڑے ہو کر تالیوں کے ساتھ الوداع کیا۔

39 سالہ مونفلس نے پہلے ہی اشارہ دیا ہے کہ یہ ان کا آخری سیزن ہو سکتا ہے۔ مقابلے کے بعد انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ سے وابستہ یادیں ان کے لیے بے حد خاص ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’یہ میرے لیے ناقابل یقین ٹورنامنٹ رہا ہے۔ میں تھوڑا جذباتی ہوں، عام طور پر میں اداس نہیں ہوتا، لیکن آج تھوڑا دکھ ضرور محسوس ہو رہا ہے۔‘‘

مونفلس نے بتایا کہ بچپن سے ان کا خواب بڑے ٹورنامنٹس میں بڑے مجمع کے سامنے کھیلنے کا تھا اور انڈین ویلز نے ان کی تمام امیدوں کو پورا کیا۔

اپنے شاندار ایتھلیٹک انداز اور دلکش کھیل کے لیے مشہور مونفلس نے اپنے کیریئر میں کل 13 اے ٹی پی ٹور خطابات جیتے۔ ان کا حالیہ ترین خطاب گزشتہ سال آکلینڈ میں آیا تھا، جو 2005 میں پولینڈ میں جیتے گئے ان کے پہلے خطاب کے تقریباً 20 سال بعد تھا۔

مونفلس نے کہا کہ اس سال انہیں ٹورنامنٹ میں وائلڈ کارڈ ملنے کے لیے وہ منتظمین کے شکر گزار ہیں اور انڈین ویلز ہمیشہ ان کے لیے خوشیوں سے بھری جگہ رہا ہے۔

مونفلس کا کیریئر ایسے دور میں رہا جب مردوں کے ٹینس پر تین عظیم کھلاڑیوں - روزر فیڈرر، رافیل نڈال اور نوواک جوکووچ - کا تقریباً دو دہائیوں تک غلبہ رہا۔ پھر بھی انہوں نے دو گرینڈ سلیم سیمی فائنل کھیلے - 2008 میں فرنچ اوپن اور 2016 میں یو ایس اوپن۔

مونفلس نے کہا کہ وہ اپنے کیریئر سے پوری طرح مطمئن ہیں اور ٹینس سے رخصت لیتے وقت انہیں کسی بات کا افسوس نہیں ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande