
حیدرآباد ، 06 مارچ (ہ س)۔ ہماچل پردیش کے گورنر شیو پرتاپ شکلا کو تلنگانہ کا نیا گورنر مقررکیا گیا ہے۔ راشٹرپتی بھون کی جانب سے جمعرات دیر رات جاری ایک اعلامیے میں یہ معلومات دی گئی۔ شیو پرتاپ شکلا نے 18 فروری 2023 کو ہماچل پردیش کے گورنر کے طور پرعہدہ سنبھالاتھا اور اب وہ تلنگانہ کے گورنرکی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
اترپردیش کے ضلع گورکھپورکے رودرپورگاؤں میں یکم اپریل 1952 کو پیدا ہونے والے شکلا کا سیاسی سفر کافی طویل رہا ہے۔ انہوں نے اپنی اسکولی تعلیم رودرپور سے اور کالج کی تعلیم گورکھپور سے مکمل کی، جہاں انہوں نے قانون میں گریجویشن کیا۔ ابتدائی برسوں میں انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی طلبہ شاخ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے تنظیمی سکریٹری کے طور پرکام کیا اور 1983 میں باضابطہ طور پر بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ شکلا نے پہلی بار1989 میں انتخابی سیاست میں قدم رکھا اور گورکھپور شہر اسمبلی حلقے سے رکنِ اسمبلی منتخب ہوئے۔اس کے بعد وہ 1991، 1993 اور 1996 کے اسمبلی انتخابات میں بھی کامیاب رہے۔ اتر پردیش میں اپنے سیاسی کیریئر کے دوران انہوں نے کلیان سنگھ، رام پرکاش گپتا اور راج ناتھ سنگھ کی حکومتوں میں وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ وہ 10 جون 2016 کو اتر پردیش سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے اور 3 ستمبر 2017 سے نریندر مودی حکومت میں مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ جولائی 2022 تک راجیہ سبھا کے رکن رہے۔ صدرجمہوریہ کی جانب سے اعلان کیے گئے اس بڑے ردوبدل میں کئی دیگر تقرریاں بھی کی گئی ہیں۔ تمل ناڈو کے موجودہ گورنرآر۔این۔ روی کو مغربی بنگال کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ کیرالہ کے گورنر راجندر وشوناتھ ارلیکر اب تمل ناڈو کے گورنر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ نند کشور یادو کو ناگالینڈ کا گورنر بنایا گیا ہے، جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عطا حسنین بہار کے گورنر ہوں گے۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا کو ہماچل پردیش کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ کو اب لداخ کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ترنجیت سنگھ سندھو دہلی کے نئے لیفٹیننٹ گورنر ہوں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ تقرریاں متعلقہ افسران کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے مؤثر ہوں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق