
آشٹہ/سیہور، 06 مارچ (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے ضلع سیہور کے آشٹہ میں صدیق گنج تھانہ علاقے کے دھرم پوری گاوں میں جمعہ کی صبح دل دہلا دینے والا حادثہ سامنے آیا۔ یہاں 10 ویں کا پیپر دینے جا رہے بھائی بہن پر ان کے اپنے ہی تایا (بڑے ابا) اور چچازاد بھائی نے لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کر دیا۔ حملے میں دونوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ابتدائی جانچ میں واردات کی وجہ خاندانی زمین کو لے کر چل رہا پرانا تنازعہ بتایا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق متوفین کی شناخت شیتل (20) اور کلدیپ (19) کے طور پر ہوئی ہے۔ اس معاملے میں ان کے تایا ہری سنگھ مالویہ (55) اور چچازاد بھائی ہیمنت مالویہ (28) کو ملزم بنایا گیا ہے۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے دونوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ہری سنگھ مالویہ اور جگدیش مالویہ سگے بھائی ہیں۔ دونوں کے درمیان جنگلاتی اراضی پر قبضے کو لے کر کئی برسوں سے تنازعہ چل رہا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ 20 اکتوبر 2025 کو ہری سنگھ کے بیٹے رتیش (23) کی سڑک دردناک حادثہ میں موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان تناو مزید بڑھ گیا تھا۔ اس دوران ہری سنگھ نے جگدیش کی اہلیہ سیما بائی سے گالی گلوج کرتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ اس معاملے میں ہری سنگھ کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا، جو فی الحال عدالت میں زیر سماعت ہے۔
اطلاعات کے مطابق جمعہ کی صبح شیتل اور کلدیپ 10 ویں کا امتحان دینے کے لیے گھر سے نکلے تھے۔ اسی دوران راستے میں ہری سنگھ اور اس کے بیٹے ہیمنت نے ان پر لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کر دیا۔ دونوں کو تب تک پیٹا گیا، جب تک ان کی سانسیں تھم نہیں گئیں۔ واقعے کے دوران آس پاس کے لوگوں نے بیچ بچاو کی کوشش کی، لیکن تب تک دونوں شدید زخمی ہو چکے تھے۔ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، جنہیں بعد میں پولیس نے پکڑ لیا۔ زخمی بھائی بہن کو اہل خانہ فوری طور پر اسپتال لے کر پہنچے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ متوفیان کے والد جگدیش مالویہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اچانک نہیں ہوا، بلکہ اس کے پیچھے گہری سازش تھی۔ جگدیش کے مطابق ملزم ہری سنگھ کو معلوم تھا کہ آج دونوں بچوں کا پیپر ہے اور وہ اسی راستے سے جائیں گے۔ وہ صبح سے ہی ہاتھ میں لٹھ لے کر راستے میں چھپا بیٹھا تھا۔ خاندان کا کہنا ہے کہ پرانی رنجش کا بدلہ لینے کے لیے ملزم نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔ اس واقعے کے بعد سے والد اور خاندان کا رو رو کر برا حال ہے۔
واقعے سے مشتعل اہل خانہ نے اسپتال کے پوسٹ مارٹم روم کے باہر جم کر ہنگامہ کیا۔ اس دوران ایک کانسٹیبل کے ساتھ مار پیٹ بھی کی گئی۔ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے کسی طرح صورتحال سنبھالی۔ ہنگامے کی اطلاع ملتے ہی آشٹہ تھانہ انچارج گریش دوبے اور پاروتی تھانہ انچارج ہری سنگھ پرمار پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ کافی دیر تک سمجھانے بجھانے کے بعد معاملہ پرسکون کرایا جا سکا۔ پولیس نے دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد سخت سیکورٹی انداز میں آخری رسومات ادا کرائیں۔ فی الحال پولیس معاملے کی تفصیلی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن