
صدر جمہوریہ مرمو آج اور کل مغربی بنگال کے دورے پر
نئی دہلی، 06 مارچ (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو آج اور کل مغربی بنگال کے دورے پر جائیں گی۔ وہاں وہ مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گی۔ صدر جمہوریہ ہاوس کے مطابق، مرمو 6 مارچ کو دارجلنگ میں ’وندے ماترم‘ کی 150 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ دارجلنگ ہل فیسٹیول کا آغاز کریں گی۔ اس موقع پر وہ لوک بھون، دارجلنگ میں ’روٹس اینڈ ردھمز‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک نمائش کا افتتاح بھی کریں گی۔
اسی دن صدر جمہوریہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کھڑگپور میں خواتین کی قیادت اور بااختیاری کے موضوع پر منعقدہ پلاٹینم جوبلی فلیگ شپ پروگرام کا بھی ورچوئل ذریعے سے افتتاح کریں گی۔ اپنے دورے کے دوسرے دن 7 مارچ کو صدر جمہوریہ دارجلنگ میں بین الاقوامی سنتھال کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ نویں بین الاقوامی سنتھال کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی۔ صدر جمہوریہ کا یہ دورہ علاقے میں ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ قبائلی برادری سے منسلک مسائل پر مکالمے کو بھی مضبوط کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن