
مدھیہ پردیش میں مارچ میں ہی اپریل جیسی تپش، پارہ 39 ڈگری سے تجاوز، 4 دن میں 40 ڈگری تک پہنچنے کے آثاربھوپال، 06 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں مارچ کے آغاز سے ہی گرمی نے تیور دکھانے شروع کر دیے ہیں اور موسم کا مزاج اپریل جیسا ہو گیا ہے۔ ریاست کے کئی شہروں میں درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیس کے پار پہنچ گیا ہے۔ اگلے چار دنوں میں پارہ 40 ڈگری سیلسیس سے اوپر جا سکتا ہے۔ جمعرات کو نرمدا پورم میں اس سیزن میں پہلی بار درجہ حرارت 39 ڈگری سے زیادہ درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، عام طور پر ریاست میں تیز گرمی کا دور مارچ کے دوسرے پکھواڑے (پندرہ دنوں) میں شروع ہوتا ہے، لیکن اس بار موسم کا ٹرینڈ بدلا ہوا نظر آ رہا ہے۔ گزشتہ دس برسوں میں 15 مارچ کے بعد درجہ حرارت تیزی سے بڑھا ہے، جبکہ اس بار مہینے کے آغاز میں ہی درجہ حرارت میں اچھال دیکھنے کو مل رہا ہے۔ گوالیار، چمبل اور ساگر ڈویژن کے شہر اس وقت سب سے زیادہ گرم ہیں، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے تقریباً 3 سے 4 ڈگری سیلسیس تک زیادہ درج کیا جا رہا ہے۔
ریاست کے مشرقی حصے سے ایک ٹرف لائن گزر رہی ہے اور سائیکلونک سرکولیشن بھی فعال ہے، لیکن اس کا مدھیہ پردیش پر خاص اثر نہیں پڑ رہا ہے۔ آسمان صاف ہونے کی وجہ سے سورج کی تیز دھوپ براہ راست زمین پر پڑ رہی ہے، جس سے دن کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گرمی کا اثر بڑھ گیا ہے۔
جمعرات کو ریاست کے پانچ بڑے شہروں میں سے چار اندور، گوالیار، اجین اور جبل پور میں درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس کے پار پہنچ گیا، جبکہ بھوپال میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ نرمدا پورم ریاست کا سب سے گرم شہر رہا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ اس کے علاوہ چھترپور کے کھجوراہو میں 36.8 ڈگری، دھار میں 36.6 ڈگری، دموہ، ساگر اور شیوپور میں 36.4 ڈگری، رتلام میں 36.2 ڈگری جبکہ گنا اور ٹیگم گڑھ میں 36 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ شاجاپور، منڈلا اور ستنا میں بھی پارہ 35 ڈگری یا اس سے زیادہ رہا۔ رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے اور کئی جگہوں پر یہ 18 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا ہے۔
محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ اگلے چار دنوں کے اندر ریاست کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں تقریباً 4 ڈگری سیلسیس تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ ایسے میں امکان ہے کہ مارچ کے پہلے پکھواڑے میں ہی کئی علاقوں میں پارہ 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچ جائے۔ اس سال اپریل اور مئی کے مہینوں میں 15 سے 20 دن تک لو چلنے کا خدشہ ہے۔ اندازے کے مطابق ان دونوں مہینوں میں گوالیار، چمبل، جبل پور، ریوا، شہڈول اور ساگر ڈویژن کے اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس کے پار جا سکتا ہے، جبکہ بھوپال، اندور، اجین اور نرمدا پورم ڈویژن میں بھی تیز گرمی کا اثر دیکھنے کو ملے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن