
جونپور، 6 مارچ (ہ س)۔ اتر پردیش کے جونپورضلع کے مچھلی شہر لوک سبھا حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ پریا سروج کی کوششوں کی بدولت، لکھنؤ- وارانسی سپر فاسٹ شٹل ایکسپریس (20401/20402) کا اب جلال گنج ریلوے اسٹیشن پر بھی اسٹاپیج شروع ہو گیا ہے۔ جمعہ کو، ٹرین اپنی مقررہ وقت پر جلال گنج اسٹیشن پہنچی، جہاں پہلے سے موجود سینکڑوں مقامی باشندوں اور سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے ڈھول -نگاڑے بجا کر ٹرین کا استقبال کیا۔
اس موقع پر ریلوے حکام کی موجودگی میں رکن پارلیمنٹ پریا سروج نے ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس اسٹیشن پر ٹرین کے اسٹاپیج (ٹھہراو)سے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں نے اسے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کے طور پر سراہا۔
رکن پارلیمنٹ پریا سروج نے بتایا کہ علاقے کے لوگ طویل عرصے سے جلال گنج اسٹیشن پر بڑی ٹرینوں کے رکنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ انہوں نے لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران بھی یہ مسئلہ اٹھایا تھا اور ریلوے کے وزیر کو ایک خط لکھا تھا، جس میں انہیں جلال گنج اسٹیشن پر ٹرینوں کے ٹھہراو کی ضرورت سے آگاہ کیا تھا۔
اپنے خط میں، انہوں نے اس بات کا تذکرہ کیا تھاکہ مچھلی شہر لوک سبھا حلقہ میں جلال گنج اور آس پاس کے دیہی علاقوں کے ہزاروں مسافروں کو لکھنؤ اور وارانسی جانے کے لیے دوسرے اسٹیشنوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ اس سے مسافروں کا وقت اور پیسہ، دونوں خرچ ہو تا ہے ۔
جلال گنج اسٹیشن پر لکھنؤ- وارانسی سپر فاسٹ شٹل ایکسپریس کے رکنے کی تصدیق شمالی ریلوے لکھنؤ ڈویژن کی جانب سے ڈویژنل ریلوے منیجر سنیل کمار ورما کے ذریعہ جاری کردہ ایک سرکاری خط کے ذریعے کی گئی۔
ایم پی پریا سروج نے کہا کہ اس سہولت سے طلباء، کام کرنے والے پیشہ ور افراد اور کاروباری مالکان کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ قریبی دیہی علاقوں سے آنے والے مسافروں کو اب طویل فاصلہ طے کرکے دوسرے اسٹیشنوں تک نہیں جانا پڑے گا۔ مقامی باشندوں نے رکن پارلیمنٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد