
جموں, 06 مارچ (ہ س)۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما کویندر گپتا کو ہماچل پردیش کا گورنر مقرر کیے جانے کے بعد انہوں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم ذمہ داری کے ذریعے ملک کی خدمت کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
اپنے بیان میں کویندر گپتا نے کہا کہ وہ گورنر کی حیثیت سے آئین کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے فرائض پوری دیانت داری، غیر جانبداری اور عزم کے ساتھ انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ذمہ داری ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔کویندر گپتا نے لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر اپنے دورِ کار کے دوران مسلسل رہنمائی اور تعاون پر صدر جمہوریہ، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جمعرات کے روز آٹھ ماہ سے زائد عرصہ خدمات انجام دینے کے بعد لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
66 سالہ کویندر گپتا کو 18 جولائی 2025 کو لداخ کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا تھا اور جموں و کشمیر کی تنظیمِ نو کے بعد قائم ہونے والے مرکز کے زیر انتظام خطہ لداخ کے وہ تیسرے لیفٹیننٹ گورنر تھےجموں سے تعلق رکھنے والے کویندر گپتا اس سے قبل جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ، ریاستی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر اور جموں کے میئر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ادھر جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے بھی کویندر گپتا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ہماچل پردیش کے گورنر کے طور پر تقرری جموں و کشمیر کے لیے باعثِ فخر ہے کیونکہ وہ اسی سرزمین کے سپوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کویندر گپتا ایک قابل شخصیت ہیں اور لوگ ان کی صلاحیتوں کو بخوبی جانتے ہیں۔حکام کے مطابق ونئی کمار سکسینہ کو لداخ کا نیا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر