
بنگلورو، 6 مارچ (ہ س): کرناٹک کے وزیر اعلی سدھارامیا نے کہا کہ ریاست مضبوط مالیاتی انتظام اور مو¿ثر وسائل کو متحرک کرنے کی پالیسیوں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، لیکن مرکزی حکومت کی ٹیکس پالیسی میں تبدیلی ریاست کے محصولات کی وصولی کو چیلنج کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بیان جمعہ کو ریاستی بجٹ برائے 2026-27 پیش کرتے ہوئے دیا۔
اپنی بجٹ تقریر میں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان چیلنجوں کے باوجود، حکومت کے موثر اقدامات کی وجہ سے ریاست کی اپنی آمدنی کی وصولی مستحکم رہی ہے۔ 2025-26 کے لیے نظرثانی شدہ تخمینہ 2024-25 کے مقابلے ریاست کی اپنی آمدنی میں 8.3 فیصد اضافہ کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جی ایس ٹی ریاست کی ٹیکس آمدنی میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے، جو ریاست کی اپنی ٹیکس آمدنی کا تقریباً 43 فیصد ہے۔ جی ایس ٹی جمع کرنے کے معاملے میں کرناٹک ملک میں دوسرے نمبر پر ہے۔
تاہم، مرکزی حکومت کی طرف سے مالی سال کے وسط میں جی ایس ٹی کی شرحوں کو معقول بنانے سے ریاست کی آمدنی پر منفی اثر پڑا ہے۔ شرح میں تبدیلی سے پہلے، ریاست کی ماہانہ جی ایس ٹی کی وصولی اوسطاً 10 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی تھی، لیکن نظرثانی کے بعد، یہ اضافہ کم ہو کر تقریباً 4 فیصد رہ گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس تبدیلی کی وجہ سے ریاست کو 2025-26 مالی سال میں تقریباً 10,000 کروڑ روپے کے ریونیو نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اگلے مالی سال میں یہ نقصان تقریباً 15,000 کروڑ روپے تک بڑھنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر بھی جی ایس ٹی کی وصولی متوقع سطح پر نہیں پہنچی ہے۔ اس سال ملک بھر میں تقریباً 1.3 لاکھ کروڑ اور اگلے سال تقریباً 2 لاکھ کروڑ کا ریونیو خسارہ متوقع ہے، جس سے مرکز سے ریاستوں کے ٹیکس حصہ پر اثر پڑ سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سدھارامیا نے کہا کہ کرناٹک سمیت سات ریاستوں نے جی ایس ٹی کونسل کو ایک مشترکہ میمورنڈم پیش کیا ہے جس میں جی ایس ٹی کی شرحوں کو معقول بنانے کی وجہ سے ریاستوں کو ہونے والے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے شرح پر نظر ثانی کی وجہ سے ریاستی محصولات پر پڑنے والے منفی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکز سے مناسب معاوضہ کا مطالبہ کیا ہے۔
فینانس کمیشن کی سفارشات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرناٹک کا ٹیکس حصہ چودھویں مالیاتی کمیشن کے دوران 4.713 فیصد تھا جو کہ پندرہویں مالیاتی کمیشن کے دوران گھٹ کر 3.647 فیصد رہ گیا۔ اس کے نتیجے میں پچھلے چھ سالوں میں ریاست کو تقریباً 65,000 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ تاہم، سولہویں مالیاتی کمیشن کی رپورٹ نے کرناٹک کے لیے 4.131 فیصد ٹیکس حصہ کی سفارش کی ہے، جسے ریاست کے لیے جزوی ریلیف سمجھا جارہا ہے۔ آمدنی کے دباو¿ کے باوجود، ریاستی حکومت سماجی بہبود کے لیے پابند عہد ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ فروری 2026 تک سرکاری گارنٹی اسکیموں کے تحت کل 1,21,598 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھا ہے۔ کرناٹک مالیاتی ذمہ داری ایکٹ کے مطابق، مالیاتی خسارے کو جی ایس ڈی پی کے 3 فیصد اور مجموعی عوامی ذمہ داریوں کو جی ایس ڈی پی کے 25 فیصد کے اندر رکھا گیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی