
نوجوان زراعت و اس سے وابستہ شعبوں میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ عمر عبداللہ
جموں، 06 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ سرکاری ملازمتوں کے انتظار کے بجائے خود روزگار پیدا کرنے کی جانب قدم بڑھائیں اور زراعت و اس سے وابستہ شعبوں میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ وہ شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنسس اینڈ ٹکنالوجی جموں میں جے کے سی آئی پی کے تحت اسٹارٹ اپس اوٹریچ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے، جس کا انعقاد یونیورسٹی اور محکمہ زراعت کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں زراعت اور اس سے منسلک شعبوں میں اسٹارٹ اپس اور ویلیو ایڈیشن کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر زراعتی شعبہ کی بہتری کے لیے جے کے سی آئی پی جیسے اقدامات خطے میں اختراعی کاروبار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ عام طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ جموں و کشمیر کی معیشت صرف سیاحت پر منحصر ہے، حالانکہ زراعت، باغبانی، ماہی پروری اور شہد کی پیداوار جیسے شعبے بھی معیشت کے اہم ستون ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو سرکاری ملازمت نہیں مل سکتی، اس لیے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ مقامی وسائل کی بنیاد پر کاروبار اور صنعتیں قائم کریں۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کو پائیدار بنانے کے لیے روایتی طریقوں کے ساتھ ویلیو ایڈیشن اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ضروری ہے۔ تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے چار اشاعتوں کا اجرا کیا، دو اسٹارٹ اپس اور دو فارمرز پروڈیوسر آرگنائزیشنز کو اعزاز سے نوازا اور ریاست بھر میں زرعی خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے 808 نئے کسان خدمت گھر کا آغاز بھی کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر