
جموں, 06 مارچ (ہ س)۔
سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 87ویں یومِ تاسیس کے موقع پر 84 بٹالین سی آر پی ایف نے جموں سیکٹر کے زیرِ اہتمام ضلع رامبن کے معروف سیاحتی مقام سناسر میں ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کیمپ کا مقصد دور دراز دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا تھا جہاں صحت کی خدمات محدود دستیاب ہیں۔
سناسر اپنی قدرتی خوبصورتی، سرسبز میدانوں اور دلکش جھیل کے باعث سیاحوں میں خاصی مقبولیت رکھتا ہے۔ تاہم اس علاقے کے آس پاس کے دیہات میں طبی سہولیات کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے سی آر پی ایف کی جانب سے یہ طبی کیمپ منعقد کیا گیا۔
میڈیکل کیمپ کا افتتاح 84 بٹالین کے کمانڈنٹ این رنبیر سنگھ کی موجودگی میں کیا گیا۔ اس موقع پر طبی ماہرین اور سی آر پی ایف کے عملے نے دیہاتیوں کو مختلف بیماریوں کے حوالے سے طبی مشورے اور علاج فراہم کیا۔
کیمپ کے دوران تین سو سے زائد مقامی افراد، جن میں بزرگ، خواتین اور بچے شامل تھے، اُنہوں نے مفت طبی معائنے اور ادویات سے فائدہ اٹھایا۔ اس کے علاوہ ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) سمیت طرزِ زندگی سے متعلق بیماریوں کی اسکریننگ بھی کی گئی تاکہ خطرے سے دوچار افراد کی بروقت نشاندہی ہو سکے اور انہیں مناسب طبی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
مقامی لوگوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کیمپ دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں اور انہیں بنیادی طبی سہولیات تک رسائی میں مدد ملتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر