
اے ایم یو طلبہ نے یو پی ایس سی سول سروسز امتحان 2025 میں نمایاں کامیابی حاصل کی
علی گڑھ، 06 مارچ (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ریذیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) کے طلبہ نے یونین پبلک سروس کمیشن کے سول سروسز امتحان 2025 میں قابلِ ذکر کامیابی حاصل کی ہے۔ اکیڈمی کے چار امیدوار اس باوقار امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔ نازیہ پروین نے آل انڈیا رینک (اے آئی آر) 478، گل فضا نے اے آئی آر 535، یاسر احمد بھٹی نے اے آئی آر 811 جبکہ شاہد رضا خان نے اے آئی آر 955 حاصل کی۔ وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی محنت اور ثابت قدمی کی ستائش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان افسران دیانت داری اور خلوص کے ساتھ ملک کی خدمت کریں گے اور آئندہ امیدواروں کے لیے باعثِ ترغیب ثابت ہوں گے۔ آر سی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد حسن نے بھی کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور سول سروسز کے امیدواروں کی رہنمائی اور تربیت کے لیے اکیڈمی کے مسلسل عزم کو اجاگر کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر فیروز احمد، ڈاکٹر رباب خان اور ڈاکٹر آل عمران نے بھی طلبہ کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے اساتذہ اور عملے کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا۔ فیکلٹی اراکین ڈاکٹر ہبہ اصلاحی اور مسٹر بابو علی نے بھی کامیاب امیدواروں کو اپنی نیک تمنائیں پیش کیں۔ ان کی اس کامیابی سے آر سی اے برادری کو فخر حاصل ہوا ہے اور یہ مستقبل کے امیدواروں کے لیے حوصلہ افزا مثال بن گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ