
حکومت نے سڑکوں کے تعمیر کے دو ٹھیکے منسوخ کیے
جموں، 04 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر حکومت نے ضلع کٹھوعہ میں سڑکوں کی تعمیر کے دو بڑے ٹھیکے منسوخ کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ جموں و کشمیر کت نائب وزیر اعلی سریندر کمار چودھری نے بتایا کہ جموں کی فرم ایم/ایس پورن چند اینڈ سنز کو دیے گئے ٹھیکے بارہا نوٹس اور مہلت کے باوجود مقررہ مدت میں کام مکمل نہ کرنے پر منسوخ کیے گئے۔ منسوخ شدہ منصوبوں میں ملہار سے مرہون تک سڑک کی تعمیر اور ایل 031 مہان سے بنجار تک سڑک کی تعمیر و دیکھ بھال شامل ہیں۔ یہ دونوں منصوبے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت عمل میں لائے جا رہے تھے۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق ٹھیکیدار مناسب مشینری، افرادی قوت اور وسائل فراہم کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث کام میں غیر معمولی تاخیر ہوئی اور عوامی سہولت متاثر ہوئی۔ معاہدے معیاری بولی دستاویز کی متعلقہ دفعات کے تحت منسوخ کیے گئے ہیں۔حکام نے ایک منصوبے میں ایک کروڑ 46 لاکھ 63 ہزار روپے اور دوسرے میں دو کروڑ 17 لاکھ 54 ہزار روپے بطور جرمانہ عائد کیے ہیں۔ متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت دی گئی ہے کہ جرمانے کی رقم بقایا جات، سیکورٹی ڈپازٹ اور بینک گارنٹی سے وصول کی جائے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ باقی ماندہ کام جلد مکمل کرانے کے لیے نئے ٹینڈر جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور تاخیر کے ذمہ دار ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر