
حیدرآباد، 04 مارچ (ہ س) ۔
وزیر مال سرینواس ریڈی نے مختلف اضلاع کے ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ بحیثیت کلکٹر حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنا ئیں ۔ وزیراعلی ریونت ریڈی کی زیر قیادت عوامی حکومت نے فلاحی اسکیموں کے جو نشانے مقرر کئے ہیں اُن کی تکمیل ہر ضلع میں اوّلین ترجیح ہونی چاہئے۔ سرینواس ریڈی نے گدوال، کریم نگر، سرسلہ، وقارآباد، میدک، ہنمکنڈہ، کتہ گوڑم اور دیگر اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ مذ کورہ عہدیداروں کو گزشتہ دنوں ضلع کلکٹرس کے طور پر ذمہ داری دی گئی ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ گزشتہ 2 برسوں میں حکومت نے غیرمعمولی فلاحی اسکیمات پر عمل کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فلاحی اسکیمات کے فوائد سے کوئی بھی مستحق خاندان محروم نہ رہنے پائے۔اُنھوں نے کہا کہ آئی اے ایس عہدیداروں کے لئے ضلع کلکٹر کے طور پر خدمات انجام دینا اہمیت کا حامل ہے جس کے تحت وہ عوامی مسائل سے بہتر طور پر واقف ہوسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ ایک کامیاب کلکٹر کسی بھی محکمہ کی ذمہ داری بہتر طور پر ادا کرسکتا ہے۔ اُنھوں نے کلکٹرس سے کہاکہ وہ شہری اور دیہی سطح پر وقتاً فوقتاً دورہ کرتے ہوئے مسائل سے واقفیت حاصل کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ عوامی وعدوں کی تکمیل میں کوئی کوتاہی قابل قبول نہیں رہے گی۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق