
شمالی ریلوے نے ریل کے ذریعے چڑیا گھر کے جانوروں کو چنئی منتقل کیا
جموں، 04 مارچ (ہ س)۔ شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے ایک منفرد اقدام کے تحت نایاب چڑیا گھر کے جانوروں کو پہلی بار جموں سے چنئی تک ریل کے ذریعے منتقل کیا ہے، جسے طویل فاصلے پر جنگلی حیاتیات کی منتقلی میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق جموں ریلوے اسٹیشن سے دو تیندوے اور دو سیاہ ریچھ خصوصی پارسل ڈبے میں روانہ کیے گئے۔ یہ کھیپ تقریباً 2,800 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے قریب 54 گھنٹوں میں ایم جی آر چنئی سینٹرل ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سڑک کے مقابلے میں ریل کے ذریعے سفر کم دورانیے اور زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر، جموں، اچت سنگھل نے کہا کہ یہ اقدام ڈویژن کی بڑھتی ہوئی لاجسٹک صلاحیتوں اور جانوروں کی محفوظ منتقلی کے عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل 23 غیر ملکی سانڈوں کو بنگلورو سے کشمیر ریل کے ذریعے منتقل کیا گیا تھا اور اب ایک اور اہم قدم کے طور پر چڑیا گھر کے جانوروں کو چنئی بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریل کے ذریعے سفر جانوروں کے لیے نسبتاً کم دباؤ والا ثابت ہوتا ہے، حتیٰ کہ خراب موسمی حالات میں بھی یہ طریقہ زیادہ موزوں ہے۔ جانوروں کی صحت اور حفاظت کی نگرانی کے لیے تجربہ کار ویٹرنری ڈاکٹروں اور دیکھ بھال کرنے والے عملے کی ٹیم ہمراہ روانہ کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق جانوروں کی منتقلی بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز کے ضوابط کے تحت کی گئی، تاکہ سفر کے دوران خوراک، پانی اور دیگر ضروری سہولیات کا مکمل انتظام یقینی بنایا جا سکے۔ ریلوے حکام نے اس کارروائی کو ملک میں طویل ترین جنگلی حیاتیات کی منتقلی میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی کامیاب تکمیل ریل کے ذریعے منظم اور محفوظ جانوروں کی ترسیل کے لیے ایک نیا معیار قائم کرے گی۔ جموں ڈویژن کے پبلک ریلیشنز انسپکٹر راگھویندر سنگھ نے کہا کہ یہ اقدام خصوصی نوعیت کے سامان کی باریک بینی اور احتیاط کے ساتھ نقل و حمل میں ریلوے کی بدلتی ہوئی اور مضبوط صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر