
حیدرآباد، 04 مارچ (ہ س)۔بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آرنے پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلی کے سی آر سے ایراویلی فارم ہاؤس میں ملاقات کی اور ریاست کی تا زہ سیاسی صورتحال راجیہ سبھا کے انتخابات اور اسمبلی کے بجٹ سیشن کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ باوثوق ذرائع کےمطا بق ملاقات میں آئندہ راجیہ سبھا انتخابات کے پیش نظر عددی طاقت ممکنہ امیدواروں کے انتخاب اور سیاسی مساوات پر غور کیا گیا ۔ کے سی آر نے کے ٹی آر کو انتخابی حکمت عملی کے سلسلہ میں چند اہم ہدایات دیں اور مختلف امکانات کا جائزہ لیا گیا ۔اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اپنا ئی جانے والی حکمت عملی پر بھی بات چیت ہوئی ۔ عوامی مسائل کو موثر انداز میں اٹھانے ، حکومت کو گھیرنے اور پارٹی کی آواز کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مختلف عوامی مسائل پر دونوں ایوانوں اسمبلی اور کونسل میں مباحث کیلئے ہریش راؤ کے بشمول پارٹی کے دیگر سینئر ارکان اسمبلی کو ذمہ داری دینے سے بھی اتفاق کیا گیا ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس ملاقات میں پارٹی کو تنظیمی سطح پر مضبوط بنانے کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ پارٹی کیڈر کو عوامی مسائل ، وعدوں کی عدم عمل آوری ، موجودہ فلاحی اسکیمات تعطل کا شکار ہونے، شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر مقامات پر غریبوں کے مکانات کو منہدم کرنے کے خلاف پارٹی کیڈر کو متاثرین کے ساتھ کھڑے رہنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ۔ ساتھ ہی مجوزہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات پر بھی غور کیا گیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق