
حیدرآباد، 4 مارچ (ہ س)۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی کہ 6 مارچ سے شروع ہونے والے 99 روزہ پرجا پالانا پرگتی پرانا لیکا پروگرام پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بناتے ہوئے فلاحی اسکیموں کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچانے کے اقدامات کریں ۔ سکریٹریٹ میں کلکٹر کانفرنس سے وزیراعلی نے 99 روزہ ایکشن پلان کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہاکہ اِس پروگرام کا مقصد عوام کو ہر سطح پر حکومت کی فلاحی اسکیموں سے واقف کرانا ہے۔
ضلع کلکٹروں سے کہا گیا کہ وہ گرام سبھاؤں کا اہتمام کرتے ہوئے فلاحی اسکیموں کی تفصیلات سے واقف کرائیں۔ وزیراعلی نے کہاکہ راشن کارڈس کی اجرائی کے علاوہ باریک چاول کی سپلائی، اندراماں ہاؤزنگ اور 200 یونٹ مفت بجلی سپلائی جیسی اسکیموں سے استفادہ کرنے والے خاندانوں کی رائے سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیمی نظام میں بہتری کے لئے حکومت نے جن اصلاحات پر عمل کیا ہے اُس کے فوائد دیہی سطح تک پہونچنے چاہئیں۔
اُنھوں نے کہاکہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں پر یکساں عمل آوری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اُنھوں نے مڈ ڈے میل اسکیم پر مؤثر عمل آوری کی ہدایت دیتے ہوئے ہر ماہ بلز جاری کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ 99 روزہ ایکشن پلان کے تحت دیہی علاقوں سے ضلع کی سطح تک عوامی نمائندوں کو شامل کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ 2 جون کو یوم تاسیس تلنگانہ کی تقاریب کا شاندار پیمانہ پر انعقاد عمل میں آئے گا۔
وزیراعلی نے ضلع کلکٹروں سے کہاکہ وہ 12 جون تک 99 روزہ ایکشن پلان پر عمل آوری میں منہمک رہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ مواضعات، منڈل اور ضلع کی سطح پر پروگرام طے کئے جائیں۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کو خصوصی لوگو تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جو 6 مارچ سے قبل جاری کردیا جائے گا۔ اجلاس میں ضلع کلکٹروں کو 99 روزہ ایکشن پلان کی تفصیلات پر مبنی گائیڈ لائنس جاری کی گئیں۔ اجلاس میں ریاستی وزراء اور چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے شرکت کی۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق