
وحید پرا نے جموں و کشمیر میں سیاسی رہنماؤں کی سیکورٹی پر تشویش کا اظہار کیا
جموں، 28 مارچ (ہ س)۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے رہنما اور رکن اسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرا نے ہفتہ کے روز جموں و کشمیر میں سیاسی رہنماؤں کی سیکورٹی کے انتظامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر امتیازی سلوک کا الزام عائد کیا۔ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو ان کی رہائش گاہ سے بے دخل کرنے کی کوششیں غیر مناسب ہیں اور جموں و کشمیر جیسے حساس خطے میں سیکورٹی ایک ناگزیر ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سنگین نوعیت کے ہیں اور تمام سیاسی رہنماؤں کے لیے یکساں پالیسی اختیار کی جانی چاہیے۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ پر حالیہ حملے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ جب عوامی نمائندے عوامی خدمت میں مصروف ہوں تو ان کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پرا نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے سجاد لون کو رہائش خالی کرنے کا نوٹس جاری کرنے اور طارق حمید قرا کی سیکورٹی میں کمی کیے جانے کے فیصلوں پر وضاحت دی جائے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ ان اقدامات کے پس منظر اور وجوہات کو عوام کے سامنے رکھا جائے ۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر