
جموں, 28 مارچ (ہ س):جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے جعلی خبروں اور غلط معلومات کے بڑھتے ہوئے رجحان سے نمٹنے کے لیے ایک جامع قانونی فریم ورک تشکیل دینے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے یہ بات اسمبلی میں مختصر مدتی بحث کے دوران کہی، جہاں جموں و کشمیر میں فیک نیوز اور گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر نے کہا کہ غلط معلومات نہ صرف عوامی اعتماد کو متاثر کرتی ہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مجوزہ قانون کو اس انداز میں تیار کیا جانا چاہیے کہ وہ مؤثر بھی ہو اور متوازن بھی۔
اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے کہا کہ قانون سازی سے قبل موجودہ قوانین اور دیگر ریاستوں و علاقوں میں اپنائے گئے بہترین طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا جانا چاہیے تاکہ ایک مضبوط اور مؤثر نظام تشکیل دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس قانون کا مقصد جعلی خبروں کا سدباب کرنا ہونا چاہیے، جبکہ جمہوری اقدار اور ذمہ دارانہ ابلاغ کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا جانا ضروری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر