
حیدرآباد ، 27 مارچ (ہ س) ۔تلنگانہ میں اراضی انتظامیہ کے نظام میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ جدید ٹکنالوجی سے لیس انٹیگریٹیڈ بھو بھارتی پورٹل کو 2 اپریل سے 5 منڈ لوں میں پائلٹ پروجیکٹ کی بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے آج محکمہ ریونیو ، سروے ، اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن اور این آئی سی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پورٹل کا مقصد کسانوں کو شفاف ، آسان اور تیز خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس نظام کے ذریعہ رجسٹریشن ، سروے اینڈ ریونیو سے متعلق تمام خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔ پہلے مرحلہ میں ضلع نارائن پیٹ کے کوسگی ، ضلع رنگا ریڈی کے آمنگل ، ضلع سنگا ریڈی کے وڈے پلی ، ضلع کھمم کے کسومانچی اور ضلع بھدراوی کتہ گوڑم کے اشورا پیٹ کے اس پورٹل کو پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر نافذ کیا جائے گا۔ ان علاقوں میں نظام کی خامیوں اور خوبیوں کا جائزہ لینے کے بعد اس کو مرحلہ وار اساس پر ساری ریاست میں نافذ کیا جائے گا۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ بھو بھارتی پورٹل کے ذریعہ زمین سے متعلق ہر لین دین کی مکمل تفصیلات دستیاب ہوں گی جس سے شفافیت بڑھے گی اور بدعنوانیوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر زمین کو ایک منفرد ’’بھودھر‘‘ نمبردیا جائے گا جو آدھار نمبر کی طرح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے وقت سروے نقشہ منسلک کرنے کا نظام بھی نافذ کیا جارہا ہے جس سے اراضیات کے تنازعات کو بڑی حد تک حل کرنے میں مدد ملے گی۔5 دیہاتوں میں پہلے ہی تجرباتی بنیادوں پر سروے مکمل کر کے بھودھر نمبر جاری کئے جاچکے ہیں۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ کسان آدھار سے منسلک موبائل نمبر کے ذریعہ لاگن کر کے ایک کلک پر اپنی اراضی سے متعلق تمام معلومات حاصل کرسکیں گے ۔ پورٹل کے ذریعہ معلوماتی خدمات ، سروے ، اصلاح ،اپیل، رجسٹریشن اور دیگر تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مائی لینڈ پورٹ فولیو آراو آر ، گاؤں کے نقشے ، میوٹیشن، مارکٹ ویلیو، رجسٹریشن تفصیلات اور دیگر خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔ ہر مرحلہ کی معلومات صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ بھی فراہم کی جائے گی۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ بھو بھارتی ایکٹ انتخابی وعدہ کے مطابق لایا گیا ہے اور اس پورٹل کو سابقہ دھرانی نظام کی خامیوں کو دور کرتے ہوئے بہتر بنایا گیا ہے ۔ یہ نظام اراضی کے معاملات میں انقلاب لائے گا اور کسانوں کو بڑی سہولت فراہم کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق