
حیدرآباد 25 ۔ مارچ (ہ س) ۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ بنڈی سنجے کمار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر تلنگانہ میں پٹرول اور ڈیزل کی مبینہ کمی سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست میں ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور سپلائی بلا رکاوٹ جاری ہے۔ بی سنجے کمار نے ایک بیان میں کہا کہ تلنگانہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ انڈین آئل، ایچ پی سی ایل اور بی پی سی ایل سمیت سرکاری تیل کمپنیوں کے پاس ایندھن کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مرکزی حکومت ایندھن کے ذخائر پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ سپلائی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
وزیر نے امریکہ-اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جغرافیائی سیاسی کشیدگی کو ایندھن کی کمی سے جوڑنے والے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی افواہوں میں ذرا بھی سچائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری ریاست میں پٹرول اور ڈیزل کی باقاعدہ فراہمی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔بی سنجے کمار نے خبردار کیا کہ افواہوں کی وجہ سے لوگ گھبراہٹ میں زیادہ خریداری کر رہے ہیں، جس کے باعث کئی گاڑی مالکان پٹرول پمپوں کا رخ کر رہے ہیں اور ضرورت سے زیادہ ایندھن خرید رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلب میں اچانک اضافے کے سبب کچھ پمپوں پر وقتی طور پر قلت محسوس کی جا رہی ہے جس سے غیر ضروری پریشانی پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس سے بھی خبردار کیا کہ کچھ مفاد پرست عناصر جان بوجھ کر مصنوعی قلت پیدا کرنے اور بلیک مارکیٹنگ کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور صرف اپنی روزمرہ کی ضرورت کے مطابق ہی ایندھن خریدیں۔مرکزی وزیرِ مملکت نے عوام سے کہا کہ وہ غلط معلومات سے گمراہ نہ ہوں اور غیر مصدقہ خبروں کو نہ پھیلائیں اور نہ ہی ان پر یقین کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ منظم اور محتاط استعمال سے ایندھن کی مسلسل دستیابی یقینی بنائی جا سکتی ہے اور کسی بھی مصنوعی بحران سے بچا جاسکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق