ایل جی نے انتظامیہ کو ٹی بی کے خلاف اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت دی
ایل جی نے انتظامیہ کو ٹی بی کے خلاف اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت دی جموں، 25 مارچ (ہ س)۔ ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے محکمہ صحت، ضلع انتظامیہ اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹی بی کے خلاف اقدامات میں تیز
Lg


ایل جی نے انتظامیہ کو ٹی بی کے خلاف اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت دی

جموں، 25 مارچ (ہ س)۔ ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے محکمہ صحت، ضلع انتظامیہ اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹی بی کے خلاف اقدامات میں تیزی لائیں، حساس علاقوں کی نشاندہی کریں اور گھر گھر جا کر بیداری مہم چلائیں۔ وہ یہاں کنونشن سینٹر جموں میں ٹی بی مکت بھارت ابھیان کے سو دن کی مہم کے آغاز کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ یہ ملک گیر مہم مرکزی وزیر صحت جگت پرکاش نڈا کی جانب سے شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد ٹی بی کے خاتمے کے لیے تیز رفتار، ہدفی اور ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہر خاندان کو یہ آگاہ کیا جانا چاہیے کہ ٹی بی کی جانچ اور علاج مفت ہے اور مکمل صحت یابی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیداری اس بیماری کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ہے اور کسی بھی مریض کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق ٹی بی کی تشخیص صرف آدھی جنگ ہے جبکہ مریض کے ساتھ علاج کے پورے عمل میں کھڑے رہنا اصل چیلنج ہے، جس کے لیے نکشے متر پروگرام اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 100 روزہ مہم کے دوران اے آئی سے لیس پورٹیبل ایکس رے مشینوں کے ذریعے قبائلی علاقوں، مہاجر کیمپوں اور شہری جھگی بستیوں میں براہ راست جانچ کی جائے گی۔ نکشے وینز کے ذریعے موبائل طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ آیوشمان ہیلتھ کیمپوں میں سینہ کے ایکس رے، این اے اے ٹی ٹیسٹ، بلڈ شوگر، ہیموگلوبن، بلڈ پریشر اور بی ایم آئی کی جانچ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کو اس قومی مہم میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے اور اسے عوامی تحریک میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی صحت صرف محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ اس 100 روزہ مہم میں سیلف ہیلپ گروپس، طلبہ، اسکولوں، صنعتوں، غیر سرکاری تنظیموں اور عوامی اداروں کو شامل کیا جائے تاکہ بیداری مہم کو مزید وسعت دی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیسٹنگ سہولیات اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لینے اور عوامی شکایات کے لیے ایک مخصوص پورٹل قائم کرنے پر بھی زور دیا۔ تقریب کے دوران نکشے گاڑیوں کو روانہ کیا گیا اور مستحق افراد میں پوشن کٹس تقسیم کی گئیں۔ ضلع ڈوڈہ اور ضلع سری نگر کو ٹی بی مکت پنچایت ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ نکشے متران کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande