
سلی گڑی/ نکسل باڑی، 25 مارچ (ہ س):۔
اپنے شمالی بنگال کے دورے کے آخری مرحلے میں، وزیر اعلیٰ اور ترنمول سپریمو ممتا بنرجی ماٹیگارا-نکسل باڑی کے نندا پرساد گرلز ہائی اسکول کے میدان میں جارحانہ نظر آئیں۔ بدھ کے روز ایک عوامی میٹنگ میں، انہوں نے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود خامیوں اور ووٹر لسٹ سے ناموں کو ہٹانے کے بارے میں سخت انتباہ جاری کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تقریباً آٹھ لاکھ لوگوں کے نام ہٹا دیے گئے ہیں۔ یہ ہیکنگ تھی یا سازش، کمیشن کو وضاحت کرنا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کا اپنا نام بھی مشتبہ افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ متاثرہ افراد کو یقین دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے نام نکالے گئے ہیں ان کے لیے خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے۔ ریاستی حکومت مفت وکلاء فراہم کرے گی۔ آپ اپلائی کریں، میں لڑوں گی۔
وزیر اعلیٰ نے خواتین کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے مرکزی فورسز کی غیر جانبداری پر سوال اٹھایا۔
انہوں نے کہا، میں نے بانکورہ میں مرکزی فورسز کو بی جے پی کے جھنڈے اٹھائے ہوئے دیکھا۔ میں ماو¿ں اور بہنوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ پولنگ کے دن صبح سے پولنگ بوتھوں پر نظر رکھیں تاکہ کسی قسم کی گڑبڑ نہ ہو۔
انہوں نے عہدیداروں کے تبادلوں پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، ایک منتخب وزیر اعلیٰ کو بتائے بغیر عہدیداروں کو ہٹایا جا رہا ہے۔ اگر کوئی آفت آتی ہے تو عوام کی مدد کون کرے گا؟
بی جے پی کو چیلنج کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، وہ نہیں جانتے، میں ٹوٹ سکتی ہوں لیکن میں نہیں جھکوں گی ۔
رام نومی سے پہلے مذہبی تقسیم کی سیاست کی مخالفت کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ رام کسی ایک کےنہیں ہیں۔ بنگال کے تمام تہوار ہمارے ہیں۔ ہم رام نومی بھی مناتے ہیں، لیکن فساد نہیں کرتے۔ ماٹیگارا-نکسل باڑی کے امیدوار شنکر ملاکر اور پھانسیوا امیدوار رینا ایکا بھی جلسہ عام میں اسٹیج پر موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ