
نئی دہلی، 25 مارچ (ہ س)۔ جے پور سے دہلی جانے والی ایک سلیپر ٹورسٹ بس منگل کی رات وسطی ضلع کے قرول باغ علاقے میں الٹ گئی۔ حادثے میں 23 مسافر زخمی ہوگئے، جب کہ دو کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ پولیس کی فوری کارروائی اور مقامی لوگوں کی مدد سے کئی مسافروں کی جان بچ گئی۔
پولیس کے مطابق، تقریباً 1:05 بجے، پی سی آر کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ چیمبری میں ہنومان مندر کے قریب ایک بس الٹ گئی ہے، جس کے اندر کئی مسافر پھنس گئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر قرول باغ تھانے کے ایس ایچ او کی قیادت میں پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔ اس وقت بس میں موجود مسافر اندر پھنسے ہوئے تھے اور مدد کے لیے چیخ رہے تھے۔
بس (نمبر آر جے -14پی ای -5065) جے پور سے فتح پوری، صدر بازار جا رہی تھی اور اس میں تقریباً 30 مسافر سوار تھے۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے والے کانسٹیبل روہت نے سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہاں سے گزرنے والی ایک جے سی بی مشین کو روکا۔ پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے بس کو قدرے اوپر اٹھایا گیا اور نیچے پھنسے مسافروں کو نکال لیا گیا۔ بس کو محفوظ رکھنے کے لیے سڑک کے کنارے پڑے بھاری سیمنٹ کے بلاکس کا استعمال کیا گیا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران تقریباً 10 شدید زخمی افراد کو فوری طور پر سر گنگا رام اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس کے بعد دیگر پولیس افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کو تیز کیا۔ تمام زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا، جن میں 12 آر ایم ایل اسپتال، 10 گنگا رام اسپتال اور ایک لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج میں شامل ہے۔ آر ایم ایل اسپتال میں علاج کے دوران دو افراد کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں سے ایک کی شناخت بجنور کے رہنے والے شہباز عالم (30) کے طور پر ہوئی ہے، جب کہ دوسرے متوفی کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی ہے۔
بس ڈرائیور پنکج کمار (26)، جوالور( راجستھان )کا رہنے والا ہے، حادثے میں زخمی ہوگیا اور اس وقت اسپتال میں داخل ہے۔ پولیس نے اسے حراست میں لے لیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق بروقت کارروائی اور ٹیم ورک نے بڑے نقصان سے بچا اور کئی جانیں بچالی گئیں۔ تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد