
نائب وزیر اعلیٰ نے نوشہرہ میں متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا
جموں، 25 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے نوشہرہ میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور ہمہ جہت ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ نوشہرہ پہنچنے پر نائب وزیر اعلیٰ نے گیری ماتا مندر میں حاضری دی اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں امن و خوشحالی کے لیے دعا کی۔ بعد ازاں انہوں نے ڈاک بنگلہ نوشہرہ میں ایک میگا جاب فیئر کا افتتاح کیا، جس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع تلاش کرنے کا اہم پلیٹ فارم فراہم ہوا۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے ٹھاکر دوارہ مندر میں بھی حاضری دی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دعا کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے گگروٹ کے ہستنہ گورہ علاقے میں ایک ریسیونگ اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا، جس کے بعد عوامی شکایات سننے کے لیے ایک پروگرام بھی منعقد کیا گیا، جہاں مقامی لوگوں نے اپنے مسائل پیش کیے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے گگروٹ سے شمشان گھاٹ تک سڑک کا افتتاح بھی کیا، جس سے علاقے میں آمد و رفت میں بہتری آنے کی توقع ہے۔ رام مندر کے قریب بھی ایک عوامی رابطہ پروگرام منعقد ہوا، جس میں شہری سہولیات اور ترقی سے متعلق مختلف مسائل اٹھائے گئے۔ بعد ازاں انہوں نے کلدابی میں 3.15 ایم وی اے، 33/11 کے وی ریسیونگ اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا، جس کا مقصد بجلی کے نظام کو مضبوط بنانا اور علاقے میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ اسی سلسلے میں بہنی گالا، کلدابی میں بھی عوامی رابطہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
انہوں نے سیہل (توتانی گلہ) سے گارڈ محلہ، وارڈ نمبر 4 تک سڑک کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا، جس پر تقریباً 2 کروڑ 28 لاکھ روپے لاگت آئے گی اور اسے پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسے اقدامات حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جائے، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے۔
اس موقع پر اے ڈی سی نوشہرہ پریتم لال تھاپا، جوائنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ، جوائنٹ ڈائریکٹر مائننگ فرید کوہلی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ محمد نواز، ڈی ایس ڈبلیو او عبد الرحیم، تحصیلدار نوشہرہ، بی ڈی او نوشہرہ گوکل کمار سمیت دیگر ضلعی اور محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر