
لاتور، 25 مارچ (ہ س)۔ لاتور ضلع پولیس کی مقامی جرائم شاخ نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے 13 سال سے مفرور ایک خطرناک ملزم کو پونے سے گرفتار کر لیا ، جو کئی سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق دیانند پانڈورنگ دےڈے نامی ملزم کے خلاف مختلف مقدمات درج تھے، جن میں زیادتی، اقدامِ قتل، سرکاری عملے پر حملہ اور دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔ یہ ملزم کِلّاری اور گاندھی چوک پولیس اسٹیشن کے مختلف مقدمات میں مطلوب تھا اور گزشتہ کئی برسوں سے گرفتاری سے بچتا آ رہا تھا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ امول تامبے کی ہدایت اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ منگیش چوہان کی نگرانی میں مقامی جرائم شاخ نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس کی قیادت پولیس انسپکٹر سدھاکر باوکر نے کی۔ ٹیم نے خفیہ ذرائع اور تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم پونے میں مقیم ہے، جس پر پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نگیشور کالونی، موشی کے علاقے میں چھاپہ مارا اور اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اتنے طویل عرصے سے مفرور ملزم کو گرفتار کرنا ایک مشکل مرحلہ تھا، تاہم ٹیم کی مسلسل کوششوں اور منظم حکمت عملی کے باعث یہ ممکن ہو سکا۔ گرفتار ملزم کو مزید کارروائی کے لیے کِلّاری پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے