
نئی دہلی، 24 مارچ (ہ س)۔ریپبلکن پارٹی آف انڈیا (اٹھاوالے) کے قومی صدر اور سماجی انصاف اور امپاورمنٹ کے مرکزی وزیر مملکت رام داس اٹھاولے نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر اٹھاولے نے تیسری بار راجیہ سبھا رکن کے طور پر خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اٹھاولے نے کہا کہ یہ وزیر اعظم کے ان پر اعتماد اور رہنمائی کی علامت ہے، جسے وہ پوری وفاداری کے ساتھ پورا کرتے رہیں گے۔
وہ سماجی انصاف، جامع ترقی اور سماج کے پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔
میٹنگ کے دوران انہوں نے وزیر اعظم کے ساتھ درج فہرست ذاتوں اور دیگر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلباءکے لیے وظائف میں اضافے کا معاملہ بھی اٹھایا، تاکہ ان طبقات کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع مل سکیں۔
آئین ساز ڈاکٹر بھیم راو¿ امبیڈکر کے خیالات کا حوالہ دیتے ہوئے اٹھاولے نے کہا کہ تعلیم، مساوات اور سماجی انصاف ایک مضبوط قوم کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں یہ اقدار مزید مضبوط ہو رہی ہیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ مردم شماری کے دوران بدھ مت اختیار کرنے والے افراد کی مناسب درجہ بندی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ ریزرویشن کے فوائد سے محروم نہ رہیں۔
اٹھاولے نے کہا کہ آنے والے وقت میں وہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو¿ امبیڈکر کے نظریہ، سماجی ہم آہنگی اور آئین کی اقدار کا ملک بھر میں بڑے پیمانے پر پرچار کریں گے اور مرکزی حکومت کی عوامی فلاحی اسکیموں کو ہر فرد تک پہنچانے کا کام کریں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی