
ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس آج مغربی ایشیا کے خطے سے 24 پروازیں چلائیں گی
نئی دہلی، 24 مارچ (ہ س)۔ ٹاٹا کی قیادت والی ایئر لائن ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس مل کر آج مغربی ایشیا کے خطے سے آنے اور جانے والی کل 24 طے شدہ (شیڈولڈ) اور غیر طے شدہ (نان۔شیڈولڈ) پروازیں چلائیں گی۔ تاہم، ایئر انڈیا کی کئی منزلوں کے لیے خدمات عارضی طور پر معطل رہیں گی۔
ایئر لائن نے ’ایکس‘ پوسٹ میں بتایا کہ ایئر انڈیا گروپ منگل کو مغربی ایشیا کے خطے سے آنے اور جانے والی کل 24 طے شدہ اور غیر طے شدہ پروازیں چلائے گا، جبکہ متعدد جگہوں کے لیے ایئر لائن کی خدمات عارضی طور پر معطل رہیں گی۔ کمپنی کے بیان کے مطابق، ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس مل کر پروازیں چلائیں گی، جن میں جدہ اور مسقط کے لیے شیڈول خدمات اور ساتھ ہی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے اضافی غیر طے شدہ آپریشنز شامل ہیں۔
ایئر لائن نے بتایا کہ دونوں ایئر لائنز جدہ کے لیے اور وہاں سے اپنی طے شدہ پروازیں جاری رکھیں گی، جس کے تحت ہندوستان اور جدہ کے درمیان کل 10 پروازیں چلائی جائیں گی۔ ایئر انڈیا دہلی سے ایک اور ممبئی سے دو واپسی پروازیں چلائے گی۔ ایئر انڈیا ایکسپریس حیدرآباد اور کوزی کوڈ، دونوں جگہوں سے ایک ایک پرواز چلائے گی۔
بیان کے مطابق، ایئر انڈیا ایکسپریس مسقط کے لیے اور وہاں سے چار شیڈول پروازیں بھی چلائے گی، جس میں دہلی اور ممبئی سے خدمات شامل ہیں۔ وہیں، طے شدہ خدمات کے علاوہ ایئر انڈیا گروپ نے کہا کہ وہ یو اے ای کے لیے اور وہاں سے 10 غیر شدہ پروازیں چلائے گا، جو سلاٹ کی دستیابی اور روانگی کے اسٹیشنوں پر موجودہ حالات پر منحصر ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن