
حیدرآباد ، 23 مارچ (ہ س)۔
عازمینِ حج کے لیے طبی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں گئی ۔ حج 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اسی ضمن میں حج کمیٹی تلنگانہ کے چیئرمین مولانا خسرو پاشا نے حیدرآباد کے ایک ہاسپٹل کا دورہ کیا ۔
اس دورے کے دوران انہوں نے عازمینِ حج کے لیے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مولانا خسرو پاشا نے اس بات پر زور دیا کہ حجاج کرام کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے اور تمام طبی انتظامات معیاری اوربروقت فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور طبی عملے سے بات چیت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ عازمینِ حج کے لیے مکمل طبی معائنہ، ویکسینیشن اور ہنگامی طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے تاکہ سفرِ حج کے دوران کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حج ایک مقدس فریضہ ہے اور اس کی ادائیگی کے لیے بہترین انتظامات حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام محکمے باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ عازمین کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ یہ دورہ حج 2026 کی تیاریوں کا ایک اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عازمینِ حج کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق