
ممبئی ، 23 مارچ (ہ س) مہاڈا کے نام اور لوگو کے مبینہ غلط استعمال کا معاملہ مہاراشٹر اسمبلی میں زور و شور سے اٹھایا گیا، جہاں حکومت نے متعلقہ ڈیولپر کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
وزیر شمبھوراج دیسائی نے 23 مارچ 2026 کو ایوان میں کہا کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور مہاڈا کے نائب صدر کو مکمل تحقیقات کر کے ڈیولپر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ شیلُو اور وانگنی علاقوں میں مل مزدوروں کے لیے تقریباً 81 ہزار گھروں کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے، جس کے لیے ایک نجی کمپنی “چڈا ڈیولپرز” کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ تاہم، شکایات سامنے آئی ہیں کہ مذکورہ کمپنی مزدوروں کو غلط معلومات فراہم کر رہی ہے اور ان سے رضامندی فارم پر دستخط کروا رہی ہے، جس سے معاملہ مشکوک ہو گیا ہے۔
اپوزیشن اراکین، خصوصاً انیل پرب اور پروین دریکر نے اس معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا یہ ڈیولپر حکومت کی سرپرستی میں کام کر رہا ہے، اور اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہے۔
وزیر نے جواب دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ تمام شکایات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا اور اگر کوئی بے ضابطگی ثابت ہوئی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی طرح کی گمراہ کن سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے