
نئی دہلی، 23 مارچ (ہ س)۔ دہلی قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران، وزیر اعلی اور وزیر خزانہ ریکھا گپتا نے پیر کو ایوان میں اقتصادی سروے (26-2025) پیش کیا۔ دہلی حکومت کے اقتصادی سروے کے مطابق، موجودہ قیمتوں پر دہلی کی مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار (جی ایس ڈی پی) 25-2024 کے مقابلے 9.42 فیصد اضافے کے ساتھ، 13,27,055 کروڑ روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔
پیشگی تخمینوں کے مطابق، موجودہ قیمتوں پر دہلی کی فی کس آمدنی 26-2025 کے دوران 5,31,610 کروڑ روپئے ہونے کا امکان ہے، جو کہ 25-2024 کے مقابلے میں 7.92 فیصد اضافہ درج کرتا ہے۔ 26-2025 کے دوران، دہلی کی فی کس آمدنی کا تخمینہ قومی اوسط سے تقریباً 2.5 گنا زیادہ ہے۔ خدمات کا شعبہ دہلی کی معیشت پر حاوی ہے، جس نے 26-2025 کے دوران مجموعی اسٹیٹ ویلیو ایڈڈ (موجودہ قیمتوں پر) میں 86.32 فیصد کی شراکت داری نبھائی۔ اس کے بعد سیکنڈری سیکٹر (12.88 فیصد) اور پرائمری سیکٹر (0.80 فیصد) آتا ہے۔
دہلی نے مسلسل ریونیو سرپلس کو برقرار رکھا ہے۔ 26-2025 کے بجٹ تخمینوں کے لیے، تخمینہ شدہ ریونیو سرپلس 9,661.31 کروڑ ہے، جو جی ایس ڈی پی کا 0.73 فیصد بنتا ہے۔ 26-2025 کے لیے بجٹ میں ٹیکس وصولی میں پچھلے سال کے مقابلے میں 15.54 فیصد اضافے کا منصوبہ ہے۔ 26-2025 کا بجٹ 1,00,000 کروڑروپئے تھا، جس میں سے 59,300 کروڑ دہلی حکومت کی اسکیموں، پروگراموں اور پروجیکٹوں کے لیے مختص کیے گئے تھے- جو کہ 25-2024 میں مختص کیے گئے 39,000 کروڑ کے مقابلے میں 20,300 کروڑ کا اضافہ ہے۔ 26-2025 کے دوران، ٹرانسپورٹ کے شعبے کو اسکیموں، پروگراموں اور منصوبوں کے لیے بجٹ میں مختص کردہ کل بجٹ کا تقریباً 20 فیصد مختص کیا گیا، اس کے بعد سماجی تحفظ اور بہبود کا شعبہ (17 فیصد)، پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی (15 فیصد)، تعلیم (13 فیصد) اور صحت (12 فیصد)۔
دہلی میں صنعتی کارکنوں کے لیے سالانہ اوسط کنزیومر پرائس انڈیکس 2024 میں 132.5 سے بڑھ کر 2025 میں 139.4 ہو گیا، جس میں 6.9 پوائنٹس (4.9 فیصد) کا اضافہ ہوا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد