شروعاتی کاروبار میں شیئر بازار میں بڑی گراوٹ، سینسیکس اور نفٹی میں گراوٹ
مارکیٹ کھلتے ہی سرمایہ کاروں کو تقریباً 7 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا نئی دہلی، 19 مارچ (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار میں آج ابتدائی کاروبار کے دوران بڑی گراوٹ نظر آ رہی ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات بھی زبردست کمزوری کے ساتھ ہوئی تھی۔ بازار کھلنے کے بعد
شیئر بازار کی علامتی تصویر


مارکیٹ کھلتے ہی سرمایہ کاروں کو تقریباً 7 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا

نئی دہلی، 19 مارچ (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار میں آج ابتدائی کاروبار کے دوران بڑی گراوٹ نظر آ رہی ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات بھی زبردست کمزوری کے ساتھ ہوئی تھی۔ بازار کھلنے کے بعد خریداروں نے کچھ دیر تک خریداری کا زور بنا کر سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس کو سہارا دینے کی کوشش بھی کی، لیکن تھوڑی ہی دیر بعد ایک بار پھر فروخت کا دباو بڑھ جانے سے دونوں انڈیکس کی چال میں دوبارہ گراوٹ کا رخ بن گیا۔ صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 2.37 فیصد اور نفٹی 2.27 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔

دراصل، مغربی ایشیا کے بحران کی وجہ سے خام تیل کی قیمت میں آج زبردست تیزی آ گئی ہے۔ برینٹ کروڈ اچھل کر 112.83 ڈالر فی بیرل کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ بھی 100.02 ڈالر فی بیرل تک پہنچا ہوا ہے۔ خام تیل کی قیمت کی وجہ سے پوری دنیا کے اسٹاک مارکیٹ میں ہاہاکار مچی ہوئی ہے، جس کا اثر ہندوستانی شیئر بازار میں بھی صاف صاف نظر آ رہا ہے۔ بازار میں آئی کمزوری کی وجہ سے آج کا کاروبار شروع ہوتے ہی بی ایس ای میں لسٹڈ کمپنیوں کا مارکیٹ کیپ تقریباً 7 لاکھ کروڑ روپے گھٹ گیا۔ مطلب آج کا کاروبار شروع ہونے کے بعد ہی سرمایہ کاروں کو ایک جھٹکے میں تقریباً 7 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ آج صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد اسٹاک مارکیٹ کے سرکردہ شیئروں میں سے صرف دو شیئر مضبوطی کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔ او این جی سی 0.06 فیصد اور کول انڈیا 0.01 فیصد کی معمولی سبقت کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب، ایچ ڈی ایف سی بینک، لارسن اینڈ ٹوبرو، شری رام فائنانس، ٹی ایم پی وی اور بجاج فائنانس کے شیئر 4.86 فیصد سے لے کر 3.15 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔

ابھی تک کے کاروبار میں اسٹاک مارکیٹ میں 2,705 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہو رہی تھی۔ ان میں سے 400 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں کاروبار کر رہے تھے، جبکہ 2,305 شیئر نقصان اٹھا کر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ آج 10 بجے تک کے کاروبار میں سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے کوئی بھی شیئر سبز نشان میں نہیں تھا۔ سینسیکس کے سبھی 30 شیئر فروخت کے دباؤ میں سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے صرف دو شیئر سبز نشان میں تھے، جبکہ 48 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آ رہے تھے۔

بی ایس ای کا سینسیکس آج 1,953.21 پوائنٹس کی بڑی گراوٹ کے ساتھ 74,750.92 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار کی شروعات ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی خریداروں نے خریداری شروع کر دی، جس سے اس انڈیکس نے اوپننگ لیول سے قریب 600 پوائنٹس کی بحالی کر کے 75,354.18 پوائنٹس کی سطح تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد بازار میں ایک بار پھر فروخت کا دباو بن گیا، جس کے سبب اس انڈیکس کی کمزوری دوبارہ بڑھنے لگی۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 1,814.66 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 74,889.47 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔

سینسیکس کی طرح ہی این ایس ای کے نفٹی نے آج 580.05 پوائنٹس ٹوٹ کر 23,197.75 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کی شروعات کی۔ بازار کھلنے کے تھوڑی دیر بعد خریداری کا سہارا ملنے سے یہ انڈیکس اوپننگ لیول سے قریب 180 پوائنٹس کی بحالی کر کے 23,378.70 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد بازار میں فروخت کا دباو بن گیا، جس سے اس انڈیکس کی کمزوری اور بڑھنے لگی۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد نفٹی 540.45 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 23,237.35 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande