
ممبئی ، 19 مارچ (ہ س) ممبئی سے متصل بھیونڈی شہر میں واقع فرنیچر مارکیٹ میں جمعرات کو اچانک آگ لگنے سے تقریباً 15 دکانیں جل کر خاک ہو گئیں، تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ یہ واقعہ بھونڈی–تھانے روڈ پر کاشیلی کھاڑی کے قریب پیش آیا، جہاں ایک مشہور فرنیچر مارکیٹ میں ابتدائی طور پر ایک دکان میں آگ بھڑکی۔ بعد ازاں یہ آگ تیزی سے پھیلتی ہوئی اطراف کی دکانوں تک جا پہنچی۔
بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق فرنیچر میں استعمال ہونے والی لکڑی، فوم، کپڑے اور کیمیکل کی موجودگی کے باعث آگ نے شدت اختیار کر لی اور دیکھتے ہی دیکھتے تقریباً 15 دکانیں اس کی لپیٹ میں آ گئیں۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ بھیونڈی کے مختلف علاقوں سے دھوئیں کے بادل واضح طور پر دیکھے جا رہے تھے۔ آخری اطلاعات تک کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی خبر نہیں ہے، جبکہ فائربریگیڈ کی ٹیمیں آگ پر مکمل قابو پانے میں مصروف ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے