ایمز جموں نے اپنی نوعیت کے دو کامیاب آپریشن انجام دئیے
ایمز جموں نے اپنی نوعیت کے دو کامیاب آپریشن انجام دئیے جموں، 19 مارچ (ہ س)۔ کینسر کے علاج کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت کے طور پر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) جموں نے کامیابی کے ساتھ دو جدید ہائپر تھرمک انٹرا پیریٹونیل کیموتھراپی طر
Aims


ایمز جموں نے اپنی نوعیت کے دو کامیاب آپریشن انجام دئیے

جموں، 19 مارچ (ہ س)۔ کینسر کے علاج کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت کے طور پر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) جموں نے کامیابی کے ساتھ دو جدید ہائپر تھرمک انٹرا پیریٹونیل کیموتھراپی طریقۂ علاج انجام دے دیے ہیں، جس کے بعد یہ خطے کا واحد سرکاری مرکز بن گیا ہے جہاں یہ خصوصی سہولت دستیاب ہے۔

ادارے کے مطابق ڈوڈہ اور مٹھی سے تعلق رکھنے والے دونوں مریضوں کو کامیاب علاج کے بعد اسپتال سے رخصت کر دیا گیا ہے اور انہوں نے مزید نظامی علاج شروع کر دیا ہے۔ اس کامیابی کو سرکاری صحت نظام میں پیچیدہ کینسر علاج کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ سرجریز شعبہ سرجیکل آنکولوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر پرس کھنہ کی قیادت میں انجام دی گئیں، جبکہ ڈاکٹر رکشا کنڈل اور ان کی ٹیم نے آپریشن کے دوران اہم تعاون فراہم کیا۔

ڈاکٹر پرس کھنہ نے بتایا کہ ایچ آئی پی ای سی ایک جدید طریقۂ علاج ہے جو پیٹ کے اندر پھیلنے والے مخصوص کینسرز جیسے بیضہ دانی، بڑی آنت، معدہ اور اپینڈکس کے کینسر میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طریقۂ کار میں پہلے سرجری کے ذریعے نظر آنے والے رسولیوں کو نکالا جاتا ہے، جس کے بعد گرم کیموتھراپی دوا کو پیٹ میں گردش کروا کر اس کی تاثیر بڑھائی جاتی ہے، جبکہ جسم کے دیگر حصوں پر مضر اثرات کم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے آپریشنز انتہائی پیچیدہ ہوتے ہیں اور ان کے لیے سرجری، اینستھیزیا، کریٹیکل کیئر اور نرسنگ ٹیموں کے درمیان قریبی ہم آہنگی ضروری ہوتی ہے۔ کامیاب نتائج ادارے کی بڑھتی ہوئی کثیر الشعبہ صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ اس سے قبل جموں اور قریبی علاقوں کے مریضوں کو اس علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، جس سے مالی اور ذہنی بوجھ میں اضافہ ہوتا تھا۔ اب مقامی سطح پر یہ سہولت دستیاب ہونے سے مریضوں کو بڑی راحت ملے گی اور باہر ریفر کیے جانے کے معاملات میں کمی آئے گی۔

ڈاکٹر سنائنا گپتا نے کہا کہ ان پیچیدہ سرجریز کی کامیابی میں آپریشن سے قبل کی گئی مکمل تیاری اور بعد از آپریشن جامع نگہداشت نے اہم کردار ادا کیا۔

ایمز جموں کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سی ای او ڈاکٹر ڈی این شرما نے کہا کہ یہ کامیابی ادارے میں کینسر کے علاج کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایچ آئی پی ای سی ہر مریض کے لیے موزوں نہیں ہوتا، تاہم منتخب مریضوں میں یہ طریقہ زندگی کے معیار اور بقا کی شرح کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان ابتدائی کامیاب سرجریز سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایمز جموں جدید آنکولوجی خدمات کو فروغ دینے اور خطے میں پیچیدہ کینسر علاج کے لیے ایک اہم ریفرل مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande