
حیدرآباد، 17 مارچ (ہ س)۔بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) نے مبینہ منشیات کے معاملے میں گرفتاری کے بعد سابق ایم ایل اے پائلٹ روہت ریڈی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔پارٹی کی ڈسپلنری کمیٹی نے یہ کارروائی معین آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران منشیات کے استعمال کے الزامات کے درمیان کی ہے۔ نوٹس جاری کرنے کے ساتھ ہی پارٹی نے روہت ریڈی کو پارٹی کی سرگرمیوں سے معطل کردیا ہے اور انہیں سات دنوں کے اندر تفصیلی وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہیں اگلے احکامات تک پارٹی کی تمام سرگرمیوں سے ور رہنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے نام سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ منشیات کے معاملے میں ان کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کی اطلاعات اور ان کے خلاف مقدمہ درج ہونے کی وجہ سے ان کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ قانونی اور اخلاقی معیارات کے تئیں وابستگی پر زور دیتے ہوئے، بی آر ایس نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کو برداشت نہیں کرے گی۔ پارٹی نے کہا کہ الزامات سے بدنامی ہوئی ہے اور پارٹی کے وقار کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔ پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اعلیٰ قیادت نے خبردار کیا ہے کہ اگر ریڈی مقررہ وقت کے اندر تسلی بخش وضاحت فراہم کرنے میں ناکام رہے تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق