
کاٹھمنڈو، 16 مارچ (ہ س): مظاہرین نے پیر کو کاٹھمنڈو کے مائیٹیگھر منڈلا میں احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ نیپال میںجین زی تحریک کی تحقیقات کے لئے بنائے گئے کمیشن کی رپورٹ کو عام کیا جائے۔
گوری بہادر کارکی کی سربراہی میں کمیشن نے تحریک کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پہلے ہی حکومت کو سونپ دی ہے۔ حکومت نے اتوار کو کابینہ کے اجلاس میں اس رپورٹ کی منظوری دی، اور توقع ہے کہ اسے پیر کو عوامی طور پر جاری کیا جائے گا۔ آج کے احتجاج کا اہتمام مشترکہ طور پر جین زی موومنٹ الائنس نیپال، نیپال جین زی فرنٹ، اور جین زی سوک فورم نے کیا تھا۔
اس احتجاج کی قیادت کرنے والی رکشا بام نے کہا کہ جب تک حکومت اس رپورٹ کو عام نہیں کرتی ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ احتجاج کے دوران تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تحقیقاتی رپورٹ کو فوری طور پر پبلک کیا جائے اور تحریک سے متعلق واقعات کی شفاف معلومات فراہم کی جائیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی