
کالا بازاری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مسلسل کارروائی جاری ہے
15 مارچ (ہ س)۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری برائے خوراک، شہری سپلائی اور تحفظِ صارفین رشمی ارون شمی نے گھریلو صارفین کو گیس سلنڈر وقت پر فراہم کرنے اور ایجنسیوں کے ذریعے تقسیم کے نظام کو ہموار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
رابطہ عامہ افسر راجیش پانڈے نے اتوار کو بتایا کہ وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور وزیر برائے خوراک، شہری سپلائی اور تحفظِ صارفین گووند سنگھ راجپوت نے افسران کو روزانہ جائزے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتِ ہند کی وزارتِ پیٹرولیم اور قدرتی گیس نے پریس بریف جاری کر کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پینک بکنگ (گھبراہٹ میں بکنگ) نہ کریں۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں ایجنسی پر جا کر بکنگ کرنے کے بجائے ڈیجیٹل ذرائع سے بکنگ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ آئل کمپنیوں نے موبائل ایپ، ایس ایم ایس، واٹس ایپ اور آئی وی آر ایس کال کے ذریعے گیس بکنگ کی سہولت فراہم کی ہے، لہٰذا صارفین بکنگ کے لیے ان ڈیجیٹل ذرائع کا استعمال کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں گھریلو گیس کی پیداوار میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ آبنائے ہرمز سے ایل پی جی کے دو بحری جہاز ہندوستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، جو 17-16 مارچ تک ہندوستان کی کانڈلا (گجرات) اور مندرا پورٹ (ممبئی) پر پہنچ جائیں گے۔
ایل پی جی کی کالا بازاری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری ہدایات کی تعمیل میں ریاست بھر میں مسلسل کارروائی کی جا رہی ہے۔ ریاست میں 1025 مقامات پر کارروائی کر کے 1357 سلنڈر ضبط کیے گئے اور 08 معاملات میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ پیٹرول، ڈیزل، سی این جی، پی این جی اور گھریلو ایل پی جی گیس کی دستیابی کے حوالے سے آئل کمپنیوں کے ساتھ تال میل کے لیے ریاستی سطح پر 6 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جو ریاست میں کمرشل اور گھریلو گیس سلنڈر کی ہموار فراہمی برقرار رکھنے کے لیے مستقل نگرانی کرے گی۔
پی این جی گیس استعمال کرنے والے صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر ایل پی جی گیس بکنگ نہ کریں۔ پیٹرول، ڈیزل، گھریلو پی این جی اور سی این جی کی وافر دستیابی ہے اور ان کی فراہمی بھی بغیر کسی کٹوتی کے جاری رہے گی۔
گیس ایجنسیوں کے آپریشن، سلنڈر کی تقسیم کی پابندیِ وقت اور صارفین کی شکایتوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تمام ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر کہیں تقسیم کے نظام میں بے ضابطگی یا تاخیر کی شکایت ملتی ہے، تو اس پر فوری کارروائی کی جائے اور صارفین کو وقت پر گیس فراہم کی جائے۔ ضلع انتظامیہ غلط معلومات کے پھیلاو اور افواہوں کو سختی سے روکے اور میڈیا کے ذریعے صحیح معلومات پہنچائے۔ شہریوں میں مثبت ماحول پیدا کرے اور انفارمیشن سسٹم کو مضبوط بنا کر غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کے خلاف موثر کارروائی کرے۔
آئل کمپنی کے اسٹیٹ نوڈل آفیسر اجے شریواستو نے بتایا کہ ریاست میں گیس سلنڈر کا کافی اسٹاک ہے اور ریاست کے 11 بوٹلنگ پلانٹس اور تقسیم کاروں کے گوداموں میں وافر سلنڈر دستیاب ہیں۔ گھریلو صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ گزشتہ ری فل کے 25 دن بعد دوبارہ بکنگ کرائیں۔
انتظامیہ کی جانب سے کمرشل صارفین کو دستیاب اسٹاک کا دانشمندانہ استعمال کرنے اور متبادل ایندھن کے ذرائع اپنانے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ جہاں پی این جی لائن دستیاب ہے وہاں پی این جی کے کنکشن لینے اور جن کاموں میں گیس زیادہ خرچ ہوتی ہے انہیں کنٹرول کرنے اور متبادل تیار کرنے کے لیے ترغیب دی جائے۔ ریاست میں گھریلو گیس کی کافی سپلائی جاری ہے، صارفین غیر ضروری طور پر افواہوں سے پریشان نہ ہوں۔ ملک کی ریفائنریاں اعلیٰ صلاحیت پر کام کر رہی ہیں اور مغربی ایشیا کے علاوہ دیگر مقامات سے بھی خام تیل کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
سلنڈر بکنگ سے متعلق شکایت یا تجویز کے لیے ان ٹول فری نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:
بھارت گیس ہیلپ لائن نمبر -4344-22-1800 (ٹول فری)
انڈین گیس کسٹمر کیئر نمبر - 555-2333-1800 (ٹول فری)
ایچ پی گیس کسٹمر کیئر نمبر - 555-2333-1800 (ٹول فری)
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن