
جموں, 15 مارچ (ہ س)۔ ضلع جموں کے ڈپٹی کمشنر راکیش منہاس ایل پی جی اور ایندھن کے ذخیرے کی جانچ کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ تقسیم کے عمل میں شفافیت اور سپلائی کے ضابطوں پر سختی سے عمل یقینی بنایا جا سکے۔یہ فیصلہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس میں لیا گیا۔ سرکاری ترجمان کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تقسیم کے عمل میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی اور قصوروار ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
راکیش منہاس نے تمام ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ سپلائی شیڈول پر عمل کریں اور جاری کردہ رہنما اصولوں اور تازہ سرکولرز کے مطابق کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈسٹری بیوشن مراکز پر موجود اسٹاک کی کراس ویریفکیشن کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جو مسلسل نگرانی کرکے اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ طے شدہ ضابطوں پر مکمل عمل ہو رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت دی کہ کسی بھی صارف کو ترجیحی بنیاد پر سہولت نہ دی جائے اور تمام تقسیم کا عمل منصفانہ اور شفاف انداز میں انجام دیا جائے۔
انہوں نے ڈسٹری بیوٹرز کو سختی سے خبردار کیا کہ اپنے مراکز کے باہر غیر ضروری قطاریں نہ لگنے دیں کیونکہ اس سے عوام کو غیر ضروری پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر