
علی گڑھ, 15 مارچ (ہ س)جل جیون مشن کے تحت ضلع کے گاؤں بیلوٹھ کی پینے کے پانی کی اسکیم مکمل ہونے پر جمعہ کو“جل ارپن دیوس”کے طور پر جل مہوتسو کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت اِگلاس اسمبلی حلقہ کے رکنِ اسمبلی راج کمار سہیوگی نے کی۔ اس موقع پر رکنِ اسمبلی نے شجرکاری بھی کی جبکہ اسکول کے بچوں نے ریلی نکال کر پانی کے تحفظ کا پیغام دیا۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت ایک نلکوب، ایک پمپ ہاؤس، 175 کلو لیٹر گنجائش کا 16 میٹر اونچا اوورہیڈ واٹر ٹینک، تقریباً 5800 میٹر پائپ لائن اور 446 گھروں میں نل کنکشن کا کام سو فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی دیکھ بھال اور آپریشن فہرست بند فرم کے پی آئی ایل کے ذریعہ آئندہ 10 برس تک کیا جائے گا۔اس اسکیم سے گاؤں بیلوٹھ کی تقریباً 2791 آبادی کو صاف پینے کے پانی کی باقاعدہ فراہمی یقینی ہو رہی ہے۔ پروگرام کے دوران رکنِ اسمبلی نے منصوبے کی تعمیر اور آپریشن میں اہم کردار ادا کرنے والی گرام پنچایت بیلوٹھ کی ایف ٹی کے خواتین اور نلکوب آپریٹرکو اعزاز سے نوازا اور ان کے کام کی ستائش کی۔اس موقع پر گرام پردھان، جل و صفائی کمیٹی کے عہدیداران، دیہی عوام، اتر پردیش جل نگم (دیہی)، تھرڈ پارٹی انسپیکشن ایجنسی، ضلع پروجیکٹ مانیٹرنگ یونٹ اور متعلقہ ادارے کے افسران و ملازمین موجود تھے۔ یہ معلومات ایگزیکٹو انجینئر اتر پردیش جل نگم دیہی لوکیش شرما نے فراہم کیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ