
حیدرآباد،15 مارچ (ہ س) ۔
حیدرآباد کے علاقے پوچارم میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نوجوان نے شادی سے انکارکرنے پر ایک لڑکی کو مبینہ طورپرایچ آئی وی سے متاثرہ خون کا انجکشن لگا دیا۔ اس واقعہ نے علاقے میں شدید سنسنی پھیلا دی ہے اور لوگوں میں خوف و غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق پوچارم کے رہائشی منوہر نامی نوجوان ایچ آئی وی سے متاثرہ مریض بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق منوہر اوراس کے والدین بھی اسی بیماری میں مبتلا ہیں۔ تاہم اس حقیقت کوچھپا کراس نے ایک لڑکی سے شادی کرنے کی کوشش کی تھی۔جب لڑکی اور اس کے خاندان کومنوہر کے ایچ آئی وی سے متاثرہ ہونے کی اطلاع ملی تو انہوں نے اس شادی سے صاف انکارکردیا۔
اس بات پر منوہر نے لڑکی کے خلاف شدید رنجش پال لی۔پولیس کے مطابق اسی رنجش کے تحت منوہر 11 تاریخ کو لڑکی کے گھرپہنچا اور اس پر دوبارہ شادی کے لیے دباؤ ڈالنے لگا۔ لڑکی کے دوبارہ انکار کرنے پر اس نے غصے میں آ کر مبینہ طور پر اپنے ایچ آئی وی سے متاثرہ خون والا انجکشن زبردستی لڑکی کو لگا دیا۔واقعہ کے بعد متاثرہ لڑکی نے فوری طور پر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم منوہر کو حراست میں لے لیا ہے اور واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق