
علی گڑھ, 14 مارچ (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ غیر ملکی زبانوں کے فیکلٹی رکن ڈاکٹر میوریش کمار نے آئی آئی ٹی کھڑگپور ریسرچ پارک، راجر ہاٹ، کولکاتا میں منعقدہ اسپارک نیشنل کانکلیو 2026 میں پوسٹر پرزنٹیشن سیشن میں جج کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور ایک تکنیکی سیشن کی صدارت بھی کی۔
یہ دو روزہ کانکلیو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کھڑگپور نے وزارتِ تعلیم، حکومتِ ہند کی اسکیم فار پروموشن آف اکیڈمک اینڈ ریسرچ کولیبوریشن (اسپارک) کے نیشنل کوآرڈی نیشن سینٹر کے طور پر منعقد کیا تھا۔
ڈاکٹر کمار نے اسپارک پروجیکٹ سے وابستہ محققین کے پیش کردہ تحقیقی پوسٹرز کا جائزہ لیا اور ایک تکنیکی سیشن کی صدارت کی، جس میں مشترکہ تحقیقی نتائج اور آئندہ کی سمتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر کمار کی نگرانی میں تحقیق کرنے والے اے ایم یو کے دو ریسرچ اسکالرز ہرش چودھری اور جاوید خان نے بھی اس کانکلیو میں اپنے ریسرچ پوسٹرز پیش کیے اور مختلف اداروں کے اسکالرز کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
پروفیسر آفتاب عالم، ڈین، فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز، اے ایم یو نے ڈاکٹر کمار اور ان کے ریسرچ اسکالرز کو اس باوقار علمی پلیٹ فارم پر یونیورسٹی کی نمائندگی کرنے اور بین الاقوامی تحقیقی اشتراک سے متعلق مباحث میں حصہ لینے پر مبارکباد پیش کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ