
مدھیہ پردیش میں تیز گرمی کا دور شروع، نرمدا پورم میں پارہ 40.2 ڈگری، کئی اضلاع میں لو کی صورتحال
بھوپال، 13 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں مارچ کے دوسرے ہفتے سے ہی گرمی نے تیز تیور دکھانے شروع کر دیے ہیں۔ جمعرات کو سیزن میں پہلی بار نرمدا پورم، رتلام اور دھار میں لو چلی۔ ان علاقوں میں جمعہ کو بھی لو چلنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جبکہ ریاست کے 10 شہروں میں درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس سے اوپر درج کیا گیا۔ نرمدا پورم سب سے گرم رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 14 مارچ سے سرگرم ہو رہے ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر سے ریاست کے موسم میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں 15 اور 16 مارچ کو کئی اضلاع میں بادل، بارش اور گرج چمک کی صورتحال بن سکتی ہے۔ 15 مارچ- کو گوالیار اور جبل پور سمیت تقریباً 16 اضلاع میں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وہیں 16 مارچ- کو ریاست کے مشرقی حصے کے تقریباً 14 اضلاع میں موسم بدلا ہوا رہ سکتا ہے۔ بارش کی اس ممکنہ تبدیلی سے پہلے ریاست کے کئی علاقوں میں گرمی کا اثر مسلسل بڑھ رہا ہے۔ بدھ کو دھار، نرمدا پورم اور رتلام میں لو چلنے کے ساتھ درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج کیا گیا۔ بھوپال، اندور، اجین اور گوالیار جیسے بڑے شہروں میں بھی پارہ بڑھا ہوا رہا۔
درجہ حرارت کی بات کریں تو نرمدا پورم سب سے گرم رہا، جہاں 40.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ رتلام میں 39.5 ڈگری، کھجوراہو میں 39 ڈگری، دھار میں 38.8 ڈگری، دموہ اور ٹیکم گڑھ میں 38.5 ڈگری، کھنڈوا میں 38.1 ڈگری نیز منڈلا، شیوپور اور کھرگون میں تقریباً 38 ڈگری درجہ حرارت درج کیا گیا۔ ریاست کے بڑے شہروں میں اندور کا درجہ حرارت 37.8 ڈگری، اجین میں 37.5 ڈگری، گوالیار میں 37.2 ڈگری، بھوپال میں 37 ڈگری اور جبل پور میں 36.9 ڈگری سیلسیس رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فی الحال ہواوں کی سمت شمال مشرق سے بدل کر مغرب اور شمال مغرب ہو گئی ہے۔ ہوا میں نمی کم ہے اور یہ ریگستانی علاقوں سے ہو کر مدھیہ پردیش پہنچ رہی ہے، جس سے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن