
نئی دہلی، 12 مارچ(ہ س )۔
آل انڈیا ملی کونسل ملک کے اندر آئینی حقوق کی جدوجہد، فرقہ وارانہ خیرسگالی اور اقلیتوں کی فلاح وبہبود سے وابستہ مختلف جہتوں سے اپنی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔ کل شام اتم نگر کے حالات کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر آف پولس کے دفتر واقع دوارکا میں حسب پروگرام کونسل کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کی گئی۔
واضح رہے کہ ماضی قریب میں ہولی کے تہوار کے موقع پر یہاں ایک بچی کے ذریعہ رنگوں سے بھرے بیلون، پڑوس کی ایک خاتون پر پھینکنے کی وجہ سے ایک بڑے تنازعے کی شکل اختیار کر گیا اور پھر حالت ایسی ہوئی کہ 26/ سالہ ترون ولد میمراج کے ساتھ تشدد آمیز حھڑپیں ہوگئیں اور بالآخر ہسپتال میں ترون کی موت واقع ہوگئی۔ یہ بھی واضح رہے کہ علاقہ کی صورت حال سے ملی اطلاعات کے بموجب دراصل یہ دو خاندانوں کی آپسی پرانی رنجش کہی جاتی ہے۔ وفد نے اپنی گفتگو کے علاوہ ڈی سی پی دوارکا کو ایک مکتوب پیش کیا جس میں بطور خاص یہ بتایا گیا کہ اتم نگر کے حالات شرپسند عناصر کے منافرت آمیز بیانات اور اشتعال انگیزیوں کے نتیجے میں خراب ہوتے جارہے ہیں۔ واردات پر گوکہ پولس نے حتی الامکان اپنا کنٹرول کر لیا ہے، لیکن سماج دشمن عناصر کے ذریعہ اہل خانہ واہل اتم نگر کو مختلف انداز سے دھمکیاں دی جارہی ہیں اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ عید کا تہوار منانے نہیں دیں گے۔ ملی کونسل سے جاری اس خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ؛
(1) پورے علاقہ میں مناسب پولس فورس کی مضبوط تعیناتی کی جائے، تاکہ قانون وانتظام کی صورت حال بے قابو نہ ہوسکے۔
(2) ایسے شرپسند افراد اور گروپ کے خلاف لازماً کاروائی کی جائے جو علاقے کے لوگوں کے درمیان اپنی نفرت آمیز باتوں سے علاقہ کے ملے جلے کلچر کو بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔
(3) اتم نگر میں باہر سے آنے والے شرپسند عناصر پر گہری نگاہ رکھی جائے جو یہاں کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
(4) ایسے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائے جن سے کہ عیدالفطر کا تہوار بہ آسانی منایا جاسکے۔
بہرحال، دفتر ڈی سی پی کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ حالات پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے، تاکہ کسی قسم کا کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ ظہور میں نہ آسکے۔ وفد نے اپنی بات جس انداز سے پہنچائی ہے، اس سے یہ امید ہے کہ عیدالفطر کے علاوہ بھی یہاں کے امن وامان کو باقی رکھا جائے گا۔
آل انڈیا ملی کونسل کے اس وفد میں آل انڈیا ملی پولیٹکل فورم کے کنوینر محمد عالم، ملی کونسل صوبہ دہلی کے صدر، ڈاکٹر پرویز میاں، آل انڈیا ملی یوتھ آرگنائزیشن کے کنوینر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی، منصور احمد کے علاوہ عمردراز اور رئیس احمد صاحبان بھی شامل تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais