
وزیراعلیٰ فڑنویس کا مہلوکین کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان
ناگپور ، یکم مارچ (ہ س) مہاراشٹر کے ناگپور ضلع میں واقع ایس بی ایل انرجی لمیٹڈ کی دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی فیکٹری میں اتوار کی صبح تقریباً 7:15 بجے ہونے والے شدید دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہوگئی ہے جبکہ 18 افراد شدید زخمی ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ناگپور ضلع اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
وزیراعظم کے دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اس سانحے پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ بیان میں کہا گیا کہ ہر مہلوک کے قریبی رشتہ دار کو وزیراعظم نیشنل ریلیف فنڈ سے دو لاکھ روپے دیے جائیں گے جبکہ ہر زخمی کو پچاس ہزار روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور ہر متاثرہ خاندان کو 5 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا علاج ریاستی حکومت کے خرچ پر کیا جائے گا اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
مقامی لوگوں کے مطابق دھماکہ فیکٹری کے ڈیٹونیٹر پیکنگ یونٹ میں اچانک ہوا جس کے بعد لمحوں میں آگ نے پوری یونٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اطراف کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی جس سے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔
اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ، پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ راحت اور بچاؤ کے کاموں کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کو بھی تعینات کیا گیا ہے جبکہ ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے مسلسل سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
پٹرولیم اینڈ ایکسپلوسِوز سیفٹی آرگنائزیشن اور ڈائریکٹوریٹ آف انڈسٹریل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کے افسران بھی موقع پر پہنچ کر حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ابتدائی طور پر تکنیکی خرابی یا حفاظتی اصولوں میں کوتاہی کو دھماکے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم اصل سبب تفتیشی رپورٹ کے بعد ہی واضح ہوگا۔
انتظامیہ نے فیکٹری کے پورے احاطے کو سیل کرکے تفصیلی جانچ شروع کر دی ہے جس کے بعد دھماکہ خیز مواد بنانے والی صنعتوں میں حفاظتی معیارات پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے