
ٹوکیو، یکم مارچ (ہ س)۔ مشرق وسطیٰ میں امریکہ-ایران کشیدگی بڑھنے کے درمیان جاپان نے اپنے شہریوں کی حفاظت کو لے کر احتیاطی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
جاپان کی وزیر اعظم سانے تاکائچی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ اسرائیل نے امریکہ کی شمولیت کے ساتھ ایران کے خلاف ’’پیشگی (پری ایمپٹیو) حملہ‘‘ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں رہ رہے جاپانی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے حکومت نے پہلے سے ہی احتیاطی اقدامات اٹھانے شروع کر دیے ہیں، جن میں ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے پیشگی انخلا کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
وزیر اعظم کے دفتر میں مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے ’’ایران صورتحال انفارمیشن کوآرڈینیشن آفس‘‘ قائم کیا گیا ہے، جو واقعات کی حقیقی وقت (ریئل ٹائم) میں نگرانی اور رابطہ کاری کرے گا۔
تاکائچی اس وقت پارٹی سے متعلق دورے پر کاناجاوا شہر میں تھیں، جہاں سے وہ مسلسل اپ ڈیٹ لے رہی تھیں اور ضروری ہدایات جاری کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹوکیو لوٹنے کے بعد وہ کابینہ کے وزیروں سے تفصیلی رپورٹ لیں گی اور خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع تیاریوں کا جائزہ لیں گی۔
جاپانی حکومت نے دہرایا ہے کہ وہ علاقائی صورتحال پر سخت نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن