

میرٹھ، 24 فروری (ہ س)۔ اترپردیش میں میرٹھ ضلع کے لساڑی گیٹ تھانہ علاقے کے قدوائی نگر علاقے میں پیر کی دیر رات گھر میں آگ لگنے سے پانچ بچوں سمیت چھ افراد کی موت ہو گئی۔ تمام کی آخری رسومات منگل کو ادا کی گئیں۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر وی کے سنگھ نے بتایا کہ کپڑ کاروباری اقبال احمد کا تین منزلہ مکان گلی نمبر 3، اسلام آباد، قدوائی نگر میں واقع ہے۔ ان کے دو بیٹے عاصم اور فاروق ایک مشترکہ خاندان کے طور پر وہاں رہتے ہیں۔ پیر کی رات اقبال اپنے بیٹوں کے ساتھ نماز تراویح پڑھنے مسجد گئے۔ اس دوران گھر میں اچانک آگ لگ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے کہ اہل خانہ کچھ سمجھ پاتے پورا گھر آگ کی زد میں آگیا۔
محلہ کے لوگوں اور پڑوسیوں نے واقعہ کی اطلاع نے اقبال اور فائر بریگیڈ کو دی۔ پولیس فائربریگیڈ کے اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی تاہم تنگ گلیوں کے باعث گاڑیوں کو آگے نہیں لے جایا جا سکا۔ پولیس نے پڑوسیوں کی چھت کے ذریعے آگ بجھائی اور جھلسنے والے افراد کو اسپتال پہنچایا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر وی کے سنگھ، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اویناش پانڈے، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کلاندھی نیتھانی اور پولیس سٹی کے سپرنٹنڈنٹ آیوش وکرم سنگھ پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔
اس حادثے میں عاصم کی بیوی رخسار (30)، ان کا تین سالہ بیٹااقدس، جڑواں بیٹیاں نبیہ اور عنایتکے علاوہ فاروق کے بچے مہوش (12) اور حماد (4)، کومردہ قرار دے دیا گیا۔ موت کی وجہ جھلس جانا اور دم گھٹنا بتایا گیا۔ اقبال کی اہلیہ امیر بانو اور شہزاد زیر علاج ہیں۔ تمام کو منگل کو سپرد خاک کر دیا گیا۔
ضلع مجسٹریٹ سنگھ نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ پانچ بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس مزید کارروائی کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد