
نئی دہلی، 24 فروری (ہ س) مرکزی کابینہ نے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سول انکلیو کی توسیع کو منظوری دے دی ہے۔ اس پروجیکٹ پر تقریباً 1,677 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور مکمل ہونے پر ہوائی اڈے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منگل کو نئے سیوا تیرتھ میں کابینہ کی پہلی میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی وشنو نے نیشنل میڈیا سینٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کابینہ کے فیصلوں کا اعلان کیا۔
وشنو نے کہا کہ نئی ٹرمینل عمارت، جس کی پیمائش 71,500 مربع میٹر ہے، 73.18 ایکڑ کے رقبے پر تعمیر کی جائے گی، جس میں موجودہ ڈھانچے کے 20,659 مربع میٹر کا استعمال کیا جائے گا۔ ہوائی جہاز کے پارکنگ ایریا کو بڑھا کر 15 ایئر کرافٹ پارکنگ بے بنائے جائیں گے، جن میں ایک وائیڈ باڈی (کوڈ ای) بے بھی شامل ہے۔ ملٹی لیول کار پارکنگ کی سہولت میں 1000 کاروں کی گنجائش ہوگی۔
نیا ٹرمینل چوٹی کے اوقات میں 2,900 مسافروں کو سنبھالنے کے قابل ہو گا اور اس کی سالانہ گنجائش 10 ملین تک ہو گی۔ اس منصوبے کا مقصد ماحول دوست اور پائیدار تعمیرات پر زور دیتے ہوئے 5-ستارہ جی آر آئی ایچ اے (انٹیگریٹڈ ہیبی ٹیٹ اسسمنٹ کی گرین ریٹنگ) کی درجہ بندی حاصل کرنا ہے۔ یہ سری نگر سے بہتر رابطے کو یقینی بنائے گا اور سیاحتی مقامات جیسے ڈل جھیل، شنکراچاریہ مندر اور مغل باغات تک رسائی کو آسان بنائے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی