


وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے قومی دیویانگ جن کرکٹ کھیل مہوتسو-2026 ناٹ آوٹ @100 کا کیا افتتاح
بھوپال، 22 فروری (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ ریاست دیویانگ جن (معذوروں) کے کھیلوں کے اہم مرکز کے طور پر ابھر رہی ہے۔ ریاست کے کئی کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت قائم کرکے ریاست کا نام روشن کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کو قومی دیویانگ جن کرکٹ کھیل مہوتسو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے دارالحکومت بھوپال کے پولیس لائن اسٹیڈیم میں شمع روشن کرنے کے ساتھ بھارت ماتا کی تصویر پر گلپوشی کر کے کھیل مہوتسو کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے دیویانگ کھلاڑیوں کو یادگاری نشانات بھی پیش کیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سماجی مصلح اور مفکر آنجہانی کشابھاو ٹھاکرے کے صد سالہ یوم پیدائش پر 100 گھنٹے مسلسل کرکٹ کھیلنے کی یہ کوشش محض ریکارڈ بنانے کی کوشش نہیں، بلکہ یہ پیغام ہے کہ جب عزم سماج کی ترقی کے لیے ہوتا ہے تو حدیں خود بخود ختم ہو جاتی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ’وکلانگ‘ (معذور) لفظ کی جگہ ’دیویانگ‘ لفظ کو قائم کیا ہے۔ ان کا یہ قدم ہندوستانی ثقافت کے جذبات کے عین مطابق ہے۔ اس پہل نے وکلانگ لفظ سے عوام میں پیدا ہونے والے احساس کمتری کا خاتمہ کیا ہے، ساتھ ہی چیلنجنگ حالات میں جدوجہد کی ناقابل تسخیر قوت ارادی کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ وزیر اعظم مودی کی مثبت سوچ کے مطابق ملک کو تمام شعبوں میں آگے لانے کی کوشش کو عملی جامہ پہنانے کے مقصد سے ہی قومی دیویانگ جن کرکٹ کھیل مہوتسو 2026 ناٹ آوٹ@100 کا انعقاد کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کرکٹ پچ پر پہنچ کر کھلاڑیوں سے تعارف حاصل کیا اور ایک بال کھیل کر میچ کا افتتاح کیا۔ پہلا میچ مدھیہ پردیش اور راجستھان کی آرتھو کیٹیگری ٹیم کے درمیان ہوا۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو کھیل مہوتسو کا بیج لگایا گیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ٹورنامنٹ کی کیپ بھی پہنی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ قومی دیویانگ کھیل مہوتسو کے تحت دیویانگ جن کا مسلسل 100 گھنٹے کرکٹ کھیلنا حیرت انگیز، خوشگوار اور ہم سب کے لیے فخر کا موقع ہے۔ انہوں نے اس انعقاد کے لیے کشابھاؤ ٹھاکرے ٹرسٹ اور انٹرنیشنل پبلک پالیسی ریسرچ سینٹر کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ وزیر اعظم مودی کے ’’من کی بات‘‘ سننے کے ساتھ یہ کھیل مہوتسو منعقد ہو رہا ہے۔ یہ تمام شعبوں میں ہمہ گیر طور پر یکساں جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کے وزیر اعظم مودی کے عزم کا مظہر ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے دیویانگ بیٹی سنگیتا بشنوئی کی قوت ارادی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیاں محض کھلاڑی نہیں، خود اعتمادی اور ہمت کی زندہ مثال ہیں۔
پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر راگھویندر شرما نے بتایا کہ دنیا میں پہلی بار ایک ایسا انعقاد ہو رہا ہے جہاں کھیل کی گونج مسلسل 100 گھنٹے تک رہے گی۔ دن ہو یا رات دیویانگ کھلاڑی اپنی کوششوں سے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ دیویانگ جن کھیل مہوتسو میں 25 ٹیموں کے 350 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ یہ مہوتسو 26 فروری تک جاری رہے گا۔ مقامی ایم ایل اے بھگوان داس سبنانی نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں اجے جاموال، راہل کوٹھاری، رویندر یتی اور دیویانگ کھلاڑی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن